ہیٹ اسٹروک کے مریض نہیں لائے گئے،ڈاکٹر سیمی جمالی


اسلام آباد: جناح اسپتال کراچی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ رواں برس ہیٹ اسٹروک(لو) کے مریض نہیں لائے گئے.انہوں نے تسلیم کیا کہ لو سے بزرگ، بچے اورمریض جلد متاثرہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لو کی روک تھام کے لیے شہر میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔

’ہم نیوز ایکسٹرا‘ سے خصوصی بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا کہ موسمی حالات اور بڑھتی ہوئی لو کا تقاضہ ہے کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بھی دیکھے کہ عمارتیں کہاں؟ اور کیسی بنائی جائیں؟ ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں گرمی کی تعطیلات قبل از وقت دینا اچھا اقدام ہے، بچے محفوظ رہتے ہیں۔

جناح اسپتال کی ڈائریکٹرڈاکٹرسیمی جمالی نے لو سے آگاہی اور بچاؤ کی تدابیر کو عوام تک پہنچانے کے حوالے سے ذرائع ابلاغ  کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے 2015 کے مقابلے میں اس بار بڑی بھرپور اورموثر آگاہی مہم چلائی۔

ڈائریکٹر جنرل ماحولیات عرفان طارق نے ’ہم نیوز ایکسٹرا‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کرہ ارض کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے جس میں پاکستان کا کردار بہت کم ہے۔

ڈی جی ماحولیات نے بتایا کہ گلوبل وارمنگ کی وجہ ترقی یافتہ ممالک میں صنعت کاری ہے جس سے پاکستان بہت زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے لو بڑھتی جا رہی ہے ایسی صورتحال میں لباس کا خیال رکھیں اور پانی کا زیادہ استعمال ضروری ہے۔

عرفان طارق نے کہا کہ لو سے بچنے کےلیے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو بھی کردار ادا کرنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں