نگراں وزیراعلیٰ پنجاب: تحریک انصاف نے ناصر کھوسہ کا نام واپس لے لیا


اسلام آباد: تحریک انصاف نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ناصر کھوسہ کا نام واپس لے لیاہے،  پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور تحریک انصاف کے  رہنما میاں محمود الرشید نے کہا کہ تحریک انصاف قیادت نے کور کمیٹی کے اجلاس میں نام واپس لینے کی ہدایت کی۔

ترجمان تحریک انصاف نے بتایا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت کور کمیٹی کے اجلاس میں خیبرپختونخوا ( کے پی ) میں نگراں وزیراعلیٰ کے لیے حمایت اللہ اور اعجاز قریشی کے نام کی منظوری دی گئی ہے جب کہ عوامی رد عمل اور تشویش کے باعث پنجاب میں ناصر کھوسہ کی بطور نگراں وزیراعلیٰ نامزدگی کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔

اجلاس میں پنجاب حکومت کی 56 کمپنیوں کی آڈٹ رپورٹ میں سامنے آنے والی 166 ارب کی بے ضابطگیوں کی شدید مذمت کی گئی اور تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود  کو بے ضابطگیوں سے متعلق تفصیلات قوم  کے سامنے لانے کی ہدایت کی گئی۔

ترجمان کے مطابق اجلاس میں پنجاب اور مرکز میں اہم ترین سرکاری عہدوں پر آخری لمحات میں کی جانے والی تقرریوں، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور 14 لا افسران کی تقرریوں، پیمرا، ہائر ایجوکیشن، پی آئی اے اور سول ایوی ایشن کے چیئرمینز کی تقرریوں اور علی جہانگیر صدیقی کی بطور سفیر تقرری کی بھی شدید مذمت کی گئی۔

مرکز، پنجاب اور سندھ میں کی جانے والی تقرریوں کے جائزے کیلئے دو کمیٹیاں قائم کردی گئیں، مرکز اور پنجاب میں کی جانے والی تقرریاں فواد چوہدری، بابر اعوان اور شفقت محمود پر مشتمل کمیٹی دیکھے گی جبکہ ڈاکٹر عارف علوی اور لیاقت جتوئی پر مشتمل کمیٹی سندھ میں کی جانے والی تقرریوں کا جائزہ لے گی۔

اجلاس میں فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور انضمام پر فاٹا کے عوام کو مبارکباد دی گئی، الیکشن کمیشن سے فاٹا میں انتخابات کی تیاریاں کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ بہتر ہوگا اگر الیکشن کمیشن فاٹا میں انتخابات کی تاریخ مقرر کردے، تحریک انصاف انتخابات کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔


متعلقہ خبریں