آرمی چیف جیسا سربراہ ملنا اللہ کا خاص فضل ہے، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمی چیف جیسا پیشہ وارانہ قابلیت کا حامل سربراہ ملنا اللہ تعالی کا خاص فضل ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ٹیلی فون کیا اور آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ بہادر پاکستان آرمی کے سپہ سالار کا منصب سنبھالنا بڑا اعزاز ہے اور پاک آرمی کو آپ جیسا پیشہ وارانہ قابلیت کا حامل سربراہ ملنا اللہ تعالی کا خاص فضل ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی قیادت میں آرمی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دفاع وطن کی قوت میں اضافہ ہو گا جبکہ ملکی سلامتی، دہشتگردی کے خاتمے اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں اللہ آپ کی رہنمائی فرمائے۔

یہ بھی پڑھیں: قمر باجوہ الوداع، جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کی کمان سنبھال لی

وزیر اعظم نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لیے ہمارا بھرپور تعاون آپ کو میسر رہے گا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نیک تمناؤں کے اظہار اور مبارکباد پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا


متعلقہ خبریں