وزیراعظم نے کوئٹہ ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کر دیا


کوئٹہ: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، اس کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

کوئٹہ ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام ملکی ایئرپورٹس کی تزئین و آرائش کی جائے گی، بلوچستان کے دارالحکومت میں خوبصورت ایئرپورٹ کی تعمیر باعث اطمینان ہے،  دو ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے ایئرپورٹ پر ٹرپل سیون جیسے بڑے جہازوں کے علاوہ  غیر ملکی ایئرلائنز بھی آسکیں گی۔

سیکرٹری سول ایوی ایشن ڈاکٹر اعجاز منیر نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ توسیع کے بعد کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی گنجائش پہلے سے دگنی ہو چکی  ہے، منصوبہ ایک ارب 70 کروڑ روپے کی لاگت سے تین سال میں مکمل کیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن حکام نے وزیراعظم کو بتایا کہ اندرون و بیرون ملک آمد اور روانگی کے لیے جدید ٹرمینل تعمیر کئے گئے ہیں، توسیعی منصوبے کے تحت اسٹیٹ آف دی آرٹ پیسنجربورڈنگ برج، پیسنجر چیک ان کاونٹرز، بیگجز ہینڈلنگ سسٹم اور نیو امیگریشن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں