پنجاب کابینہ کا الوداعی اجلاس، بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے کا فیصلہ


لاہور: پنجاب کابینہ نے اپنے الوداعی اجلاس میں 56 کمپنیوں کی منظوری دے دی ہے جبکہ بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے کا فیصلہ کیا گیا اور ڈپٹی مئیرز کو نقشہ پاس کرنے، تجاوزات کے خلاف آپریشن اور وال چاکنگ کی روک تھام کے اختیارات بھی دے دیئے گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں عطا مانیکا، ہارون سلطان بخاری، عائشہ غوث پاشا، ملک ندیم کامران، ڈاکٹر مختار بھرت، خواجہ عمران نذیر، شیخ علاؤالدین، چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید نے شرکت کی، عطا مانیکا نے ایک طویل عرصے بعد کسی اہم اجلاس میں شرکت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ نے صوبے کی پہلی انفارمیشن ٹیکنالوجی پالیسی کی منظوری دی، لیہ میں بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی ملتان کے  بہادر سب کیمپسز کو بہادر یونیورسٹی لیہ کا درجہ دینے اور خورشید انجینئرنگ کالج کے قیام کی منظوری بھی دی گئی، اس کے علاوہ رجب طیب اردوان اسپتال مظفرگڑھ  کے لئے فائنانسنگ، پبلک سیکٹر کمپنیوں کیلئے ایکس پوسٹ فیکٹو (Ex-Post Facto)، گوادر میں بحریہ ماڈل اسکول کی تعمیر کے لئے عطیہ اور مجوزہ الکرم انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ بھیرہ سرگودھا کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔

پنجاب کابینہ کے اجلاس میں دانش اسکول اتھارٹی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جس  کی منظوری دے دی گئی، محکمہ زراعت پنجاب اورمحکمہ موسمیات پاکستان کے مابین مفاہمتی یادداشت کے مسودے اور محکمہ زراعت کے فیلڈ اسسٹنٹ کے چار درجاتی سروس اسٹرکچرکے  ساتھ  ساتھ  پرائیویٹ ایگریکلچرل پروڈیوس مارکیٹ کے قیام کے لئے ایس او پیز کی منظوری دی گئی۔

کابینہ کے آخری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت کی پوری ٹیم نے پانچ برس عوامی خدمات کے ریکارڈ  قائم کئے ہیں، پانچ برس بعد ہمارا ضمیر مطمئن ہے، پنجاب نے دیگر صوبوں کے مقابلے میں ہرشعبہ میں برتری حاصل کی ہے، تعلیم ، صحت اور سماجی شعبہ کی بہتری کے لئے اہداف کو حاصل کیا گیا ہے، پنجاب کے صحت عامہ اور زرعی شعبہ میں  بے پناہ بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کے پاس عوامی خدمت کا کوئی منصوبہ نہیں، سیاسی اور انتظامی ٹیم کی شبانہ روزمحنت کے مثبت نتائج  سامنے آئے ہیں، صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز، میرے پرسنل سیکرٹری اور اسٹاف نے محنت کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔

پنجاب کابینہ نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورمیں دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی بھرپورستائش کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ محمد نواز شریف کا دورپاکستان کی تاریخ کا سنہرا دور ہے، ان کی قیادت میں پاکستان کو کئی چیلنجز سے نجات ملی۔


متعلقہ خبریں