پارلیمنٹ ٹی وی چینل کا افتتاح، اسمبلی کارروائی براہ راست نشر ہوگی


اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد عوام  کو پارلیمانی نظام سے متعلق آگاہی دینا ہے اور پارلیمنٹ کا ٹی وی چینل عوامی آرا کا ذریعہ بنے گا۔

پی ٹی وی پارلیمنٹ چینل کے افتتاح  کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم نے قومی اسمبلی کے دروازے سب کے لیے کھول دیے جبکہ 200 سے زائد وفود کو پارلیمنٹ کی کارروائی دکھائی اوراب اس بات کے خواہاں ہیں کہ منتخب ایوان کی کارروائی ہر پاکستانی دیکھے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم نے ذمہ داریاں لیں اور پھر نبھائیں، پاکستانی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی گرین پارلیمنٹ ہے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارلیمنٹ چینل سے پارلیمنٹ کی کارروائی پورے ملک میں جائے گی اور منتخب نمائندوں کی کارکردگی عوام تک پہنچے گی۔

انہوں نے کہا کہ چینل نہ صرف منتخب نمائندوں اورعوام کو آپس میں جوڑے گا بلکہ قائمہ کمیٹیوں کی کارروائی سے بھی عوام آگاہ رہیں گے، ان کا کہنا تھا کہ قائمہ کمیٹیاں ہی اداروں کو مستحکم کرتی ہیں۔

انہوں نے ثقافتی پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ثقافتی پالیسی قومی ثقافت کو محفوظ بنانے میں بھی مددگارثابت ہوگی، پالیسی میں علاقائی زبانوں کی بحالی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی نے پاکستان کی ثقافت کو بھی قتل کیا، 35 سال تک پاکستان کے عوام اور فوج نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دیں لیکن اب قوم امن کے راستے پر گامزن ہے۔


متعلقہ خبریں