ہم نے فیصلے کر لیے اب وفاقی حکومت فیصلہ کرے، فواد چودھری


لاہور: سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلے کر لیے ہیں اب وفاقی حکومت فیصلہ کرے۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی اور اور وزیر خیبر پختونخوا محمود خان نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اختیار عمران خان کو دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے کہتا ہوں آپ عوام میں بیٹھ کر کھانا نہیں کھا سکتے تو انتخابات کیا لڑیں گے۔ امید ہے ادارے اب غیر جانبدار ہوں گے اور آئین کے مطابق چلیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز گل کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر

فواد چودھری نے کہا کہ ہم نے فیصلے کر لیے ہیں اور اب وفاقی حکومت فیصلہ کرے۔ پاکستان کا پیسہ باہر گیا ہے کیا اس میں کوئی شبہ ہے؟ اور آپ کہتے ہیں ڈاکو نہ کہیں، توآپ کو کیا کہیں آپ بتا دیں؟

انہوں نے کہا کہ یہ باہر سے آ کر ملک کو لوٹتے ہیں اور پھر باہر چلے جاتے ہیں اور جب آپ کا لیڈر ملک کو لوٹتا ہے تو ڈاکو ہی کہا جائے گا نا۔ ملک کے 75 فیصد عوام انتخابات چاہتے ہیں کیونکہ موجودہ حکومت سے ملک نہیں چل رہا اس لیے ہم بھی ملک میں عام انتخابات چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مذاکرات کبھی مشروط نہیں ہوتے، رانا ثنا اللہ

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے فیصلے ہو چکے ہیں اور ہم انتخابات کے لیے تیار ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے عجیب وغریب پریس کانفرنس کی۔ رانا ثنا اللہ اور سعد رفیق اپنے حلقوں میں نہیں نکل سکتے لیکن پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں پی ٹی آئی کا ایک فارورڈ بلاک بنا تھا اور اب اس کی حالت آپ دیکھ لیں۔ جس نے سنجیدہ سیاست کرنی ہے وہ فارورڈ بلاک کا حصہ نہیں بنے گا۔

فواد چودھری نے کہا کہ ان کا حکومت میں رہنے کا کوئی مقصد ہی نہیں رہا صرف اپنے کیسز ختم کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں