روسی تیل خریدنے سے عوام کو کتنا ریلیف ملے گا؟


روس سے سستا تیل خریدنے پرعوام کو 42 روپے فی لیٹر تک ریلیف مل سکتا ہے۔

ذرائع وزارت پیٹرولیم کے مطابق روس سے 30 ڈالر فی بیرل تک تیل سستا ملے گا، درآمد شدہ تیل کی قیمت 182 روپے فی لیٹر تک ہوسکتی ہے۔

دورہ کامیاب رہا، روس پاکستان کو رعایتی قیمت پر تیل،ڈیزل فراہم کرے گا،مصدق ملک

خیال رہے کہ گزشتہ روز

وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا تھا کہ روس کا دورہ ہماری امیدوں سے زیادہ کامیاب رہا، روس پاکستان کو رعایتی قیمت پر تیل اور ڈیزل فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ایل این جی کے معاہدوں اور بعض روسی کمپنیوں سے ایل این جی کے حصول کیلئے بات چیت شروع ہو گئی ہے،توانائی معاہدوں پر پیشرفت کیلئے روس کا سرکاری وفد جنوری کے وسط میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے انسانی بنیادوں پر 2 ملین پائونڈ کی ایل پی جی دینے کا اعلان کیا ہے جس پر بات چیت مکمل ہو گئی ہے، اس کے علاوہ 2 ملین پائونڈ کی ایل پی جی آئندہ 10 یوم کے اندر پاکستان آ جائے گی تاکہ توانائی کے مسائل کو حل کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ روس جانا اس لئے بہت اہم تھا کیونکہ وزیراعظم نے واضح طور پر کہا کہ جو کارخانے بند ہو رہے ہیں یہ بند نہیں ہو نے چاہئیں، نوجوان جو گھر سے نکلتے ہیں وہ بے روزگار نہ ہوں، کارخانوں کی چمنیوں سے دھواں نکلتا رہے،

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کم از کم 10 فیصد توانائی میں اضافہ کرنا ہو گا۔ آگے بڑھنے کیلئے ہمیں توانائی چاہئے اس لئے ہم مختلف ممالک میں جا رہے ہیں جس کی پیشرفت سے وقتاً فوقتاً آگاہ کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ملکی مفاد اور بین الاقوامی قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے اس عمل کو آگے بڑھائیں جس کی ہمیں ضرورت ہے اور یہ معاہدے اسی کا حصہ ہیں، پاکستان کے مفاد کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔

عوام سردیوں میں گیس کے استعمال پر کفایت شعاری دکھائیں، مصدق ملک


متعلقہ خبریں