رمضان شوگر ملز کو این او سی جاری کرنے کا حکم


لاہور ہائی کورٹ نے رمضان شوگر ملز کو این او سی جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ نے رمضان شوگر ملز کو این او سی جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے این او سی جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ رمضان شوگر مل کی جانب سے این او سی جاری نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا تھا اور درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ کرشنگ سیزن شروع ہو چکا ہے اور محکمہ ایکسائز کی جانب سے این او سی جاری نہیں کیا جا رہا۔

سال 2019 میں اس وقت قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس میں ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی،ن لیگ کے پارٹی فنڈز کی جلد تحقیقات کےلئے درخواست منظور

نیب نے الزام عائد کیا تھا کہ رمضان شوگر ملز کے لیے 10 کلو میٹر طویل نالہ تیار کیا گیا۔ شہباز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب کے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔

نامزد ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال سے مبینہ طور پر 21 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام تھا۔

نیب ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز کے سی ای او ہیں، رمضان شوگر ملز کیلئے مقامی آبادیوں کے نام پر 36 کروڑ روپے کی لاگت سے تحصیل بھوانہ کے قریب سیوریج نالہ بنوایا گیا اور شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اس کے لیے قومی خزانے کا استعمال کیا ہے۔

رمضان شوگر ملزم ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں