موٹروے کیوں نہیں بنی ؟ بتا دیا تو رنگ میں بھنگ پڑ جائے گا، شہباز شریف

shehbaz sharif

سکھر: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موٹروے نہ بننے کی وجوہات بتا دیں تو رنگ میں بھنگ پڑ جائے گا۔ ہمارے سامنے بہت بڑا چیلنج ہے لیکن ہم ہمت نہیں ہاریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سکھر حیدرآباد موٹروے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھر حیدرآباد موٹروے کا منصوبہ 30 ماہ میں مکمل ہو جائے گا اور سکھر حیدرآباد موٹروے کے سنگ بنیاد کی ذمہ داری مخلوط حکومت کے حصے میں آئی۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے سے سکھر کراچی حیدرآباد کے عوام کو بے پناہ فائدہ ہو گا، موٹروے بہترین معیار کا ہوگا جس طرح ملک کے دیگر موٹرویز ہیں، سکھر حیدرآباد موٹروے 306 کلومیٹر 307 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا، منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر مکمل کرے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ سکھر حیدرآباد موٹروے سے ملک بھر کے شہر منسلک ہوں گے اور موٹروے کے منصوبے سے زمینی فاصلے کم ہوجائیں ہےْ آج خوشی کا موقع ہے وہ منصوبہ جو تاخیر کا شکار تھا اس کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے، سکھر حیدرآباد موٹروے کا سنگ بنیاد کیوں نہیں رکھا گیا وجوہات بتانے کے لیے موقع مناسب نہیں ہے، اس کی وجہ سے رنگ میں بھنگ پڑ جائے گا۔

منصوبے کے لیے وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے باقی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو پروموٹ کرنے کو ترجیح دی جائے، خورشید شاہ علیل ہیں ان کی صحت کے لیے دعا کریں وہ سندھ کی شان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف کے بیٹے کی 14روزہ حفاظتی ضمانت منظور

انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں موٹروے کی بنیاد نواز شریف نے رکھی اور اس کے معمار نوازشریف ہی ہیں، ہمیں اس کو مزید آگے بڑھانا ہے، سو فیصد متفق ہوں کہ بلوچستان سے سڑکوں کو ملانے پر تیزی سے کام کرنا چاہیے کیونکہ بلوچستان ہمارا بہت اہم صوبہ ہے، بلوچستان کی ترقی کے بغیر پاکستان کی ترقی نامکمل ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ افسر شاہی کو اس سے کوئی غرض نہیں کہ ان صوبوں کو بھی آگے لے کر بڑھنا ہے، میں نے کہا کارٹلز نہیں چاہتے کہ اس صوبے میں ترقی ہو، گندم کی قیمتیں لیں، سب سے کم بولی دینے والے سے بھی ہم نے بات کی۔ بطور وزیر اعظم میرے نزدیک پاکستان کی ترقی پسماندہ علاقوں کی ترقی سے جڑی ہے، اچھی عادت ہے یا بری میں مجبور ہوں معیار کا معائنہ کرنے اچانک پہنچ جاتا ہوں، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

سیلاب زدگان کے بارے میں بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دادو، کمبر شہداد کوٹ میں پانی کھڑا ہے، وہاں بے پناہ کام کیا گیا ہے، لیکن ابھی بے پناہ کام باقی ہے، ابھی بھی لاکھوں لوگ بے سروسامان ہیں،اگلے ہفتے سیلابی علاقوں میں جائیں گے، سیلاب زدگان کے لیے بہت کچھ کریں گے، سیلاب متاثرین کے لیے جو بس میں ہوا کریں گے، اکیلا نہیں چھوڑیں گے، گھروں کی تعمیر کریں گے اور آخری وسائل اور پیسے ان کے قدموں میں نچھاور کریں گے، کشتی کو خوشحالی اور ترقی کے کنارے پر لگائیں گے۔


متعلقہ خبریں