17 دسمبر کو عمران خان فروری یا مارچ کی تاریخ نہ دے دیں، رانا ثنا اللہ


اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ڈر ہے 17 دسمبر کو عمران خان فروری یا مارچ کی تاریخ نہ دے دیں۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسمبلیوں سے استعفے دیئے تو پھر ضمنی انتخابات ہوں گے اور جو اسمبلی یہ توڑیں گے وہاں انتخابات کروا دیا جائے گا۔ عمران خان نے راولپنڈی میں ناکامی کے بعد اعلان کر دیا کہ اسمبلیاں توڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈر ہے کہیں 17 دسمبر کو عمران خان فروری یا مارچ کی تاریخ نہ دے دیں اور یہ جو مرضی کر لیں انہیں وہ سہولت حاصل نہیں ہو گی جو 2018 میں تھی اور وہ سہولت بھی حاصل نہیں ہو گی جو ضمنی انتخابات میں رہی۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ ہم پنجاب میں اکثریت حاصل کر جائیں گے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ استعفےٰ دے کر بلیک میلنگ کا طریقہ کار استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ قومی اسمبلی کا ضمنی الیکشن نہیں ہو گا بلکہ صرف صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی الیکشن کروائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ن لیگ کی انتخابی مہم کو لیڈ کریں گے اور اگر ہم پنجاب میں الیکشن جیت گئے تو پھر اکتوبر کا الیکشن بھی مشکل نہیں رہے گا۔ یہ اسمبلیاں توڑیں ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 17 دسمبر کو اسمبلیاں توڑنے کی تاریخ کا اعلان کر دوں گا، عمران خان

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جس حالت میں ملک چھوڑا وہ ڈیفالٹ ہو جاتا اور ان کے ہر حربے اور ہتھکنڈے کا ایک ہی مقصد ہے کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے۔ یہ ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی تحریک چلا رہا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کا اسٹیبلشمنٹ اور حکومت پر کوئی دباؤ نہیں اور اب عمران خان کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے۔ چڑھائی سے مطالبات منوانے کا عمران خان کا فارمولا ناکام ہوا اور عمران خان ملک کو کسی حادثے سے دوچار کر دے گا۔ صدر سے ملاقات کا مطلب زیرو پلس زیرو ہے۔


متعلقہ خبریں