پنجاب میں بڑے منصوبوں کی منظوری، شہباز شریف کی طرح بیڑا غرق کرنا نہیں چاہتے، پرویز الہیٰ


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے پنجاب میں بڑے منصوبوں کی منظوری کے بعد کہا کہ ہم شہباز شریف کی طرح لاہور کا بیڑا غرق نہیں کرنا چاہتے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں شہدا اے پی ایس پشاور کے لیے خصوصی دعا اور عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

کابینہ اجلاس میں لاہور کے لیے پہلی مرتبہ مکمل انڈر گراؤنڈ ماس ٹرانزٹ سسٹم کی منظوری دی گئی۔ جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا کہ شہباز شریف کی طرح لاہور کا بیڑا غرق نہیں کرنا چاہتے اور انڈر گراؤنڈ ٹرین سسٹم بھی لائیں گے۔

انڈر گراؤنڈ بلیو لائن اور پرپل لائن، ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کوسالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ پرویز الہیٰ نے کہا کہ بلیو لائن، پرپل لائن، ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے شروع کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی اور نگراں بنی گالہ انعام خان کی مبینہ آڈیو لیک

انہوں نے کہا کہ ویلنشیا سے کلمہ چوک، لبرٹی چوک، داتا دربار تک انڈر گراؤنڈ ماس ٹرانزٹ سسٹم قائم ہو گا جبکہ اورنج لائن کے 8 بڑے اسٹیشنز بھی بہتر کیے جائیں گے۔

پنجاب کابینہ نے محکمہ صحت میں 5 سے 15 اسکیل تک بھرتی کی منظوری دی۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ اور لاہور میں کنٹریکٹ پر بھرتیوں کی بھی منظوری دی گئی۔

کالجز میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لیے 600 آسامیوں پر بھرتی کا فیصلہ کیا گیا جبکہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں بھرتیوں پر پابندی ختم کرنے کی منظوری دی گئی۔ چولستان کے کاشتکاروں کو اراضی کے مالکانہ حقوق کے یونٹ کے ریٹس میں 50 فیصد کمی کی منظوری دی گئی۔

سفارتکاروں اور قونصلیٹ کے لیے ویلیو ایڈڈ ٹیکس استثنیٰ کی منظوری جبکہ چلڈرن اسپتال لاہور، فیصل آباد اور گجرات کے اسپتالوں میں کینسر کے علاج کی سہولت فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا عوام کو ریلیف پیکج دینے کا فیصلہ

اسپتالو ں میں کینسر ٹریٹمنٹ کے لیے لینر ایکسلیٹر اور ملتان میں کینسر کا جدید ترین علاج سائبرنائف ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی منظوری دی گئی۔

صحت کے شعبے پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ نے کہا کہ سرگودھا میں کارڈیالوجی کا اسپتال قائم کریں گے اور فیصل آباد کارڈیالوجی اسپتال میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

پنجاب کابینہ نے نئے ضلع تونسہ میں نئی تحصیل کے قیام کی منظوری بھی دی۔ چیچہ وطنی، رجانہ، پیر محل، چوک اعظم لیہ تا تونسہ 207 کلو میٹر سڑک بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور ایم فور چراغاں آباد جھنگ بائی پاس تا شور کوٹ روڈ 103 کلو میٹر سڑک بھی بنے گی۔ دیپالپور تا پاکپتن روڈ 75 کلو میٹر طویل سڑک اور دیپالپور، پاکپتن تا وہاڑی 150 کلومیٹر روڈ تعمیر ہو گی۔

سوشل سیکیورٹی اسکیم کے تحت ملازمین کی اجرت میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔


متعلقہ خبریں