کوئی شک نہیں ایجنڈے کے تحت معاشی تباہی کی گئی، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں ایجنڈے کے تحت معاشی تباہی کی گئی اور سیاستی عدم استحکام اسی کا تسلسل ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے سیاسی استحکام کو بنیادی شرط قرار دے دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں۔ عوام کی حالت پر رحم کریں، مہنگائی کے عذاب سے انہیں نجات دلانا سیاست ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام اور میثاق معیشت ہی پاکستان کی قومی سلامتی کو مضبوط کر سکتے ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ ایجنڈے کے تحت معاشی تباہی کی گئی، سیاسی عدم استحکام اسی کا تسلسل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا عوام کو ریلیف پیکج دینے کا فیصلہ

شہباز شریف نے کہا کہ جب ملک معاشی ترقی کی طرف چلنا شروع ہوتا ہے تو فسادی لشکر کیوں متحرک ہو جاتا ہے؟  نوجوانوں کو روزگار دلانے کے لیے سیاسی بے روزگاروں سے نجات لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے وفاداری اور دوستی کا تقاضا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام ہو جبکہ کسی کی کوشش ہے کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے تو ایسا ہر گز نہیں ہو گا اور نہ کرنے دیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ معاشی بارودی سرنگیں بچھانے والے اب سیاسی نظام کی بنیاد میں سرنگیں بچھانے کی سازش کر رہے ہیں تاہم ہم عوام کو روٹی اور روزگار کی پریشانیوں سے نجات دلائیں گے۔ سیاسی شرپسند انتشار پھیلا کر دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کریں جبکہ سیلاب متاثرین کو سردی، بھوک اور بیماری سے بچانے میں سیاسی شریروں کا کوئی حصہ نہیں۔


متعلقہ خبریں