اظہر علی کا آخری ٹیسٹ، کیریئر کیسا رہا ؟

فائل فوٹو


اسلام آباد: قومی کرکٹر اظہر علی کراچی میں انگلینڈ کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔ پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ اظہر علی نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر اظہر علی اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آخری میچ کھیل رہے ہیں۔ اظہر علی نے 25 سال کی عمر میں 2010 میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے 96 میچوں میں 19 سنچریوں کی مدد سے 7 ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں۔

اظہر علی ٹیسٹ میچوں میں ٹرپل سنچری بنانے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں اور وہ دنیا کے واحد کرکٹر ہیں جنہیں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

96 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کرکٹر اظہر علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری کو اپنے کیریئر کی یادگار اننگز قرار دیا۔

37 سالہ اظہر علی نے 96 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 2019 میں سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹائے جانے کے بعد انھیں قومی ٹیم کی قیادت کی ذمے داری سونپی گئی تھی جس کے بعد انہوں نے 9 میچوں میں بطور کپتان فرائض سر انجام دیئے۔

اظہر علی کی قیادت میں پاکستان نے سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں فتوحات تو ضرور حاصل کیں لیکن ان کی ذاتی پرفارمنس ہر گزرتے دن کے ساتھ تنزلی کا شکار رہی جس پر انہیں مسلسل تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: بگ بیش کرکٹ لیگ، سب سے کم رنز کا نیا ریکارڈ

اظہر علی 53 ون ڈے میچوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں جبکہ 2015 ورلڈ کپ کے بعد انہیں قومی ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی تاہم ون ڈے ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے ان کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ 2017 میں جب تک وہ کپتان رہے قومی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں تاریخ کی بدترین نویں نمبر پر پہنچ گئی تھی۔

اظہر علی 2017 میں چیمپیئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے بھی رکن تھے اور انہوں نے اپنا آخری ون ڈے میچ 2018 میں کھیلا تھا۔

اظہر علی گزشتہ روز اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے اظہر علی کی پاکستان کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا حوصلہ اور عزم بہت سے نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک تحریک رہا ہے اور وہ آنے والے اور آنے والے کرکٹرز کے لیے ایک رول ماڈل ہیں۔


متعلقہ خبریں