پرویز الہٰی اسٹیبلشمنٹ کا دباؤ لے جاتے ہیں، سمری پر دستخط کر دیئے، عمران خان


لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی اسٹیبلشمنٹ کا دباؤ لے جاتے ہیں تاہم انہوں ںے سمری دستخط کر کے مجھے دے دی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا اپنا مؤقف ہے اور مسلم لیگ ق کی اپنی پارٹی پالیسی ہے جبکہ تحریک انصاف کا اپنا نظریہ ہے۔ چودھری پرویز الہٰی ہماری نہیں اپنی پارٹی کی بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے اور پرویز الہٰی نے سمری پر دستخط کر کے مجھے دے دی ہے اب وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان تکنیکی اعتبار سے ڈیفالٹ ہو چکا ہے اور رجیم چینج کے ذمہ دار جنرل باجوہ ہیں۔

سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ چودھری پرویز الہٰی کے ساتھ جنرل باجوہ کے متعلق بات نہ کرنا طے نہیں ہوا تھا اور میرے خطاب کے بعد ایک گھنٹہ پرویز الہٰی مجھ سے ہنس ہنس کر باتیں کرتے رہے۔ اس وقت تو نہیں کہا کہ جنرل باجوہ کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ گھر جا کر پرویز الہٰی کو یاد آیا کہ جنرل باجوہ کے خلاف بات کی اور پرویز الہٰی کو اپنی سیاست بچانی ہیں تو ہمارے ساتھ رہنا ہو گا۔ جنرل باجوہ نے چوروں کو ملک پر مسلط کر دیا ہے۔

اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے ملاقات میں کہا کہ ہم جب کہیں گے پرویز الہٰی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری بھجوا دیں گے۔ پرویز الہٰی اسٹیبلشمنٹ کا دباؤ لے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور مونس الہیٰ نے بھی ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جمعہ کو دما دم مست قلندر ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب اعتماد کا ووٹ لیں، ن لیگ کی تیاری مکمل

پرویز الہٰی نے کہا کہ ہمارے مؤقف الگ الگ ہے لیکن انتخابات ایک ساتھ ہی لڑیں گے۔


متعلقہ خبریں