پی ٹی آئی کا جمعرات کو گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان


لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جمعرات کو گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے فواد چودھری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کو گورنر ہاؤس کے باہر بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور پارٹی چیئرمین عمران خان کا اہم خطاب ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کل اہلیان لاہور 5 بجے گورنر ہاؤس کے سامنے پہنچیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئین کے نفاذ کیلئے گورنر راج کی گنجائش موجود ہے، وزیر داخلہ

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ پنجاب میں سیاسی صورتحال بدل رہی ہے اور مسلم لیگ ق کے ارکان نے پرویز الہیٰ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پرویزالہیٰ اور اسپیکر سبطین خان کو 187 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی جانب سے خواتین اراکین کو پیسوں کی آفر کی گئی ہے۔ گورنر عدم اعتماد کے لیے کم سے کم 10 روز کا وقت دینے کا پابند ہے اور خیبر پختونخوا اسمبلی کا مقدر پنجاب اسمبلی سے جڑا ہے۔ پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کی جائےگی۔

فواد چودھری نے کہا کہ آئین بڑا واضح ہے اور اسپیکر نے رولنگ دی ہے لیکن اگر انہیں اسپیکر کی رولنگ پسند نہیں تو وہ کورٹ میں جا کر چیلنج کریں۔ اگر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے صدر کو خط لکھا ہے تو گورنر کو ہٹایا بھی جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر آئینی اقدام پر گورنر پر آرٹیکل 6 بھی لگ سکتا ہے اور نمبرز ہم نے نہیں بلکہ انہوں نے پورے کرنے ہیں۔ آصف زرداری سندھ کا پیسہ پنجاب میں خریدوفروخت پر لگا رہا ہے اس لیے آصف زرداری کے پنجاب میں داخلے پر پابندی لگانی چاہیے۔


متعلقہ خبریں