چوہدری نثار علی خان نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا


راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے حلقے کے لوگوں کی خدمت کرنے کا خواہاں ہوں۔

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا اور انتخابی مہم کے پہلے مرحلے میں مورگاہ پہنچ گئے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کا آغاز وہاں سے کر رہا ہوں جہاں میری سیاست کا نشان ہے اور اپنی کارکردگی پر اتنا اطمینان نہیں جتنا اپنے لوگوں کی خدمت کر کے ہوا۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ 5 سال سیاسی طور پر گوشہ نشین تھا لیکن میں اب اپنے حلقے کے لوگوں کی خدمت کرنے کا خواہاں ہوں اور سیاست کا آغاز وہاں سے کریں گے جہاں بڑی خدمت کا موقع ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر داخلہ کا سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ

انہوں نے میڈیا سے کیمرے بند کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے حلقے کے عوام سے کھل کر بات کرنا چاہتا ہوں۔

بعد ازاں چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میں حلقہ 10 سے خود الیکشن لڑوں گا اور حلقہ 12 سے امیدوار کھڑا کروں گا۔ اسلام آباد والے پانی دینے کے لیے تیار نہیں تھے لیکن مشکل سے مورگاہ میں پانی پہنچایا۔ 35 سال کی سیاست میں کبھی بے ایمانی نہیں کی لیکن آج کل لوگوں پر الزامات ہیں۔

عمران خان سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا رویہ میرے ساتھ بہت اچھا ہے میں ان کے خلاف بات نہیں کروں گا اور میں نے جس پارٹی کے لیے کام کیا ان کے خلاف بھی بات نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاست اب دشمنی میں بدل چکی ہے اور میرے ذہن میں جو خاکہ ہے کامیاب ہو کر اسمبلی میں پیش کروں گا۔ جو میرے حلقے سے کامیاب ہوا اس نے لوگوں کے لیے کچھ نہیں کیا اور میرے حلقے سے کامیاب ہونے والے نے جعلی ڈگری سے ملک کی بدنامی کی۔ خاموش اس لیے ہوں کہ اب گالی کی سیاست ہو رہی ہے۔


متعلقہ خبریں