ہم فلمز کی ’نا بینڈ نا باراتی‘ عیدالفطر پر ریلیز ہو گی


کراچی: ہم فلم کے بینر تلے ریلیز ہونے والی نئی پاکستانی فلم ’’نا بینڈ نا باراتی‘‘ کی تاریخ اجراء میں تبدیلی لاتے ہوئے اسے عیدالفطر پر نمائش کے لیے پیش کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اس سے قبل فلم کی ریلیز کے لیے چھ جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔

’’نا بینڈ نا باراتی‘‘ فلم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ریلیز کی تاریخوں میں تبدیلی کا مقصد پاکستان میں فلمی صنعت کی بحالی کے فیصلے کی تائید کرنا ہے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستانی فلمی صنعت کو بحال کرنے کے لیے عید الفطر پر مقامی سینما گھروں میں بھارتی فلموں کی ریلیز پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

’’نا بینڈ نا باراتی‘‘ کا پہلا پرومو 13 مئی کو منظر عام پر آیا تھا جس پر شائقین کی جانب سے کافی مثبت ردعمل سامنے آیا تھا۔ پرومو کو اب تک ایک لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔

ہنسی اور مزاح سے ناظرین کا دل لبھانے کے لیے فلم میں میکال زوالفقار کے ہمراہ شایان خان بھی ہوں گے۔ فلم کی کاسٹ میں کومل فاروقی، قوی خان، عتیقہ اوڈھو، عذرا محی الدین، سارم جعفری اور انجلیکا طاہر بھی شامل ہیں۔ 

کامیڈی سے بھر پور فلم ’نا بینڈ نا براتی‘ میں علی کاظمی ایک مکینک کا کردار ادا کریں گے۔

’نا بینڈ نا براتی‘ کی کہانی کینیڈا میں رہنے والے دو بھائیوں میکال اور شایان کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں ایک کامیڈی، پیار اور جذبات کو نہایت خوبصورتی سے دکھایا گیا ہے۔

ہم فلم کے بینرتلے ریلز ہونے والی یہ فلم کینیڈا میں فلمائی گئی ہے تاہم پاکستان اور امریکہ کی خوبصورت لوکیشن بھی فلم میں دیکھی جاسکتی ہے۔

تفریح سے بھرپور اس فیملی فلم کے ہدایت کار محمود اختر ہیں جب کہ فلم کی کہانی ہریش کمارکی تحریرکردہ ہے۔


متعلقہ خبریں