کراچی ٹیسٹ: بابر، سرفراز کی عمدہ بیٹنگ، پاکستان نے 317رنز بنا لیے


کراچی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 317 بنا لیے ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سلامی بیٹسمین مجموعی سکور48 رنز پر آئوٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔

عبداللہ شفیق 7، امام الحق 24 اور شان مسعود 3 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جس کے بعد بابراعظم اور سعود شکیل کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 64 رنز بنے تاہم کھانے کے وقفے سے چار منٹ قبل جب اسکور 110 رنز پر پہنچا تو سعود شکیل بھی 34 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 22 رنز بناکر آئوٹ ہو گئے۔

اس موقع پر سابق کپتان سرفراز احمد بابراعظم کا ساتھ دینے کے لیے کریز پر آئے۔دونوں نے مل کر 196 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستان کی پوزیشن ایک مرتبہ پھر مستحکم کردی۔

سابق کپتان نے نیوزی لینڈ کے خلاف نصف سنچری مکمل کرلی، انہوں نے 84 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی۔ یہ ان کے کیریئر کی 19ویں نصف سنچری تھی۔

بابر اعظم نے 161 گیندوں پر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے کیریئر کے 9 ویں سنچری بنائی ہے۔سرفراز احمد دن کے اختتام سے قبل 86 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اعجاز پٹیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

کراچی ٹیسٹ کے پہلے دن 90 اوورز مکمل ہوئے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور آغا سلمان اگلے روز بیٹنگ کا آغاز کریں گے۔

نیوزی لینڈ کے بائولر مائیکل بریس ویل نے 2 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ کپتان ٹم سائوتھی اور اعجازپٹیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ہے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کی 4 سال بعد ٹیسٹ ٹیم پلیئنگ الیون میں واپسی ہوئی ہے۔

 


متعلقہ خبریں