امریکہ کی صدر پیوٹن کو قتل کرنے کی کوشش ہے، روسی وزیر خارجہ


ماسکو: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے دعویٰ کیا ہے کہ پینٹاگون کی جانب سے کریملن کو بڑا دھچکہ دینے والی دھمکی دراصل روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو قتل کرنے کی کوشش ہے۔

روس نے جوہری ہتھیاروں کا استعمال کیا تو امریکہ صدر پیوٹن کو قتل کرسکتا ہے، جان بولٹن

روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس کو دیے جانے والے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ واشنگٹن حقیقتاً سب سے بہت آگے نکل گیا ہے، پینٹاگون کے اہلکاروں نے کریملن کے سربراہ پر حملہ کرنے کی جو دھمکی دی تھی وہ درحقیقت روس کے سربراہ کو جسمانی طور پر ختم کرنے کی تھی۔

سرگئی لاوروف نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ایسے خیالات کی سرپرستی کرتا ہے تو اس طرح کے منصوبوں کے ممکنہ نتائج کے متعلق بھی احتیاط سے سوچے۔

انٹرویو کے دوران روسی وزیر خارجہ نے مغربی ممالک کے حکام کو ان کے اقدامات اور جوہری تصادم کے حوالے سے ان کے حالیہ بیانات و عزائم بھی یاد دلائے۔

واضح رہے سابق برطانوی وزیر اعظم لز ٹیرس نے ایک الیکشن مباحثے کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ ایٹمی حملے کا حکم جاری کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

صدر پیوٹن سے تنگ روسیوں کو مغربی ممالک کی خفیہ ایجنسیاں بھرتی کریں، امریکی سی آئی اے

سرگئی لاوروف نے کہا کہ کیف حکومت کی غیر منطقی اشتعال انگیزیوں کو بھی یاد رکھا جائے کہ صدر زیلنسکی نے نیٹو ممالک سے روس پر قبل از وقت جوہری حملے شروع کرنے کے لیے کہا ہے، یہ قابل قبول حد سے باہر ہے۔

روس نے 24 فروری کو یوکرین میں فوجی آپریشن کا آغاز کیا تھا جس کا بنیادی مقصد دنیا کو بتایا گیا تھا کہ یوکرین سے نازی ازم ختم کرنا اور اسے غیر مسلح کرنا ہے کیونکہ یہ روس کے لیے انتہائی خطرناک ہے جب کہ کیف اور اس کے اتحادیوں کا کہنا تھا کہ روسی حملہ ایک نوآبادیاتی زمین پر قبضہ کرنے کے مترادف ہے۔

سرگئی لاوروف نے ایک سوال کے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ روس اور امریکہ کے درمیان معمول کے تعلقات بحال نہیں ہو سکتے ہیں کیونکہ بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ معمول کے روابط قائم کرنا ممکن نہیں ہیں۔ اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ واضح طور پر کہتی ہے کہ اس کا مقصد روس کو اسٹریٹجک شکست دینا ہے۔

موساد کے سابق سربراہ کا جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکہ کے سابق مشیر برائے قومی سلامتی امور جان بولٹن نے ایک انٹرویو کے دوران واضح طور پر کہا تھا کہ اگر روس نے جوہری ہتھیاروں کا استعمال کیا تو امریکہ صدر پیوٹن کو قتل کرسکتا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی مثال بھی دی تھی۔


متعلقہ خبریں