اکتوبر میں الیکشن کا شوق پورا ہو جائے گا، رانا ثنا اللہ

rana

اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اکتوبر میں الیکشن کا شوق پورا ہو جائے گا۔ بلدیاتی ادارے 2020 میں مدت ختم کر چکے تھے لیکن انہوں نے کیوں الیکشن نہیں کروائے ؟

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حلقہ بندیوں کا عمل 2 سے 3 دن میں تو نہیں ہو سکتا اس کے لیے کم از کم 60 دن درکار ہوتے ہیں۔ ووٹر لسٹوں کے تحت 70 ہزار ووٹرز اپنے پتے پر موجود ہی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 15 کے قریب اس کے خلاف درخواستیں آئی ہوئی ہیں اور پارلیمنٹ بااختیار ہے کسی بھی وقت قانون کی منظوری دے سکتی ہے۔ الیکشن شیڈول کے بعد قانون سازی ہو سکتی ہے اور انٹرا کورٹ اپیل میں تمام مسائل کا ذکر کریں گے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو شور مچا رہے ہیں وہ پارلیمنٹ میں بیٹھیں لیکن وہ استعفے دے کر گھر بیٹھے ہوئے ہیں۔ اکتوبر میں ان کے الیکشن کا شوق پورا ہو جائے گا جبکہ ان لوگوں نے آتے ہی بلدیاتی ادارے ختم کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے 2020 میں مدت ختم کر چکے تھے لیکن انہوں نے کیوں الیکشن نہیں کروائے۔ بلدیاتی نمائندے سپریم کورٹ گئے اور عدالت نے انہیں بحال کیا لیکن انہوں نے عمل نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو للکارنے والوں کو پوری قوت سے جواب دیا جائے گا، قومی سلامتی کمیٹی

وزیر داخلہ نے کہا کہ 4، 5 ہزار لوگوں کی ڈیوٹی لگانا، اکٹھا کرنا اور انتخابی میٹریل دینا اتنے کم وقت میں ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے  (آئی ایم ایف) سے 3 ارب ڈالر 2، 3 ہفتوں میں مل جائیں گے اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے یقین دلایا ہے کہ ملک کو ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں ہے اور 15 جنوری تک تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اسحاق ڈار نے ڈالر ملنے میں تاخیر کی وجوہات سے آگاہ کیا ہے اور بتایا کہ پی ٹی آئی نے جو معاہدہ کیا وہ کوئی ملک دشمن بھی نہیں کر سکتا تھا۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی جان بوجھ کر کی اور پی ٹی آئی نے ملک دشمن عناصر کے ساتھ مل کر پاکستان اور بیرون ملک مہم جوئی کی۔

انہوں نے کہا کہ پیر کو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ ہو گا اور عسکری قیادت نے اجلاس کو بتایا کہ علاقوں کو دہشتگردوں سے کلیئر کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں