ایم کیو ایم کی دھمکی کام کر گئی، حکومت کے رابطے شروع


ایم کیو ایم کی دھمکیاں کام کر گئیں۔ ناراض اتحادی جماعت کو منانے کیلئے حکومت نے فوری رابطے شروع کر دیئے۔  وفاقی حکومت کا وفد آج ایم کیو ایم کے رہنماوں سے ملاقات کرے گا۔

وفاقی وزیر ایاز صادق نے ایم کیو ایم کے رکن و وفاقی وزیر امین الحق کو ٹیلی فون کیا اور بلدیاتی انتخابات پر متحدہ کے تحفظات سنے، جس کے بعد آج ایاز صادق اور سعد رفیق کراچی پہنچیں گے اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماوں سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق حکومتی وفد متحدہ کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کرے گا جبکہ وفد بلاول ہاؤس میں بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری سے بھی ملاقات کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی کو نظر لگ گئی، شہر کو غریب سمجھ کر کوئی منہ نہیں لگا رہا، گورنر سندھ

دوسری جانب ایم کیو ایم نے حکومت چھوڑنے اور سڑکوں پر آنے کی وارننگ دے دی ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پندرہ جنوری سے پہلے نئی حلقہ بندیاں نہ ہوئیں تو سڑکوں پر آئیں گے، یہ بھی فیصلہ کریں گے کہ بلدیاتی الیکشن میں حکومت میں رہتے ہوئے حصہ لینا ہے یا حکومت سے الگ ہو کر۔

خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں بلدیاتی الیکشن سے پہلے ہی دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں سے پری پول رگنگ کر دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن پندرہ جنوری سے پہلے کراچی اور حیدرآباد کی ازسرنو حلقہ بندیاں کرے۔

 


متعلقہ خبریں