مہنگائی عروج پر ہے، وزیر اعظم کا اعتراف


وزیر اعظم شہباز شریف نے مہنگائی کا اعتراف کر لیا کہا مہنگائی عروج پر ہے اس بات میں کوئی شک نہیں ہے، نااہلی کی وجہ سے ہم سستی ترین گیس نہیں خرید سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ صحبت پورکے دورے پر کہا کہ پاکستان کو پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے خود ہمت کرنا ہوگی، ایثار اور قربانی کے جذبے سے آگے بڑھنا ہوگا، ابھی بھی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے کئی سو ارب روپے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بہت ہی خوشی کا دن ہے، صحبت پور کا میرا یہ دوسرا دورہ ہے، پہلے میں یہاں آیا تو یہ پورا علاقہ پانی میں ڈوبا ہوا تھا، خوراک اور دیگر اشیا پہنچانا آسان نہیں تھا، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور دیگر دن رات کام کررہے تھے، میں نے اس طرح کا سیلاب اپنی زندگی میں نہیں دیکھا تھا، سندھ ، بلوچستان ، میدانی علاقے ہر جگہ پانی تھا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں 12دانش اسکولز کا اعلان بھی کیا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ چیف سیکریٹری بلوچستان سے درخواست ہے وہ اسکولز کے لیے زمین ڈھونڈیں۔

یہ بھی پڑھیں: دہشت گرد پاکستان کے دشمن اور عوام کے قاتل ہیں، شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف رحیم یار خان کے دانش اسکول کا واقعہ سناتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے، کہا دانش اسکول کے یتیم بچے امریکا سمیت دیگر ممالک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں، دانش اسکولوں میں ای لائبریریز ہیں، ای لائبریری میں مختلف قسم کی اچھی اچھی کتابیں رکھی جائیں۔
سندھ، جنوبی پنجاب سمیت گلگت بلتستان میں ہزاروں لو گ اب بھی امداد کے منتظر ہیں، سیلاب سے تقریباً10لاکھ گھر پانی میں ڈوب چکے ہیں، بلوچ، پٹھان ،سندھی یا پھر پنجابی یہ سب کا پاکستان ہے، وفاق اگر بلوچستان کو فنڈز دیتا ہے تو یہ عوام کا حق ہے،دو ماہ میں افسران نے سیلاب زدگان کے سلسلےمیں جو محنت کی وہ قابل ستائش ہے، تعلیم اور صحت کے شعبے میں مزید اچھے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی عروج پر ہے اس بات میں کوئی شک نہیں ہے، نااہلی کی وجہ سے ہم سستی ترین گیس نہیں خرید سکے، 10لاکھ جوگھر پانی میں بہہ گئے تھے انہیں تعمیر کے لیے معاوضہ دیں گے، یہ سوچ کر خوف آتا تھا کہ کس طر ح متاثرین بحال ہوکر دوبارہ گھروں کو جائیں گے۔


متعلقہ خبریں