پاک نیوزی لینڈ دوسرا ٹیسٹ میچ بھی ڈرا


کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان نے 319 رنز کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنا لیے تھے اور کیویز کو فتح کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی اور پھر خراب روشنی کی وجہ سے امپائروں نے میچ  روک دیا۔

قومی ٹیم میں کم بیک کرنے والے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے صفر پر 2 کھلاڑیوں کے آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو امام الحق اور شان مسعود 35 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر سکے اور 12 کے انفرادی اسکور پر امام بھی سودھی کا شکار ہو گئے، کپتان بابر اعظم 27، شان مسعود 35، آغا سلمان 30، حسن علی 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سرفراز احمد اور سعود شکیل نے 123 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے ٹیم کو سہارا دیا لیکن سعود شکیل 32 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

سرفراز احمد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 118 رنز بنائے اور نسیم شاہ نے 15 جبکہ ابرار احمد 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل پریسویل نے 4 جبکہ اِش سودھی 2، ٹم ساؤتھی بھی 2 اور میٹ ہنری نے ایک وکٹ حاصل کی۔

چوتھے روز نیوزی لینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنا کر اننگز ڈیکلئیر کی تھی۔ پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی 2 وکٹیں صفر پر گر گئیں۔ ٹم ساؤتھی نے عبداللہ شفیق کو اور اِش سودھی نے میر حمزہ کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کو جیت کےلیے 319 رنز درکار تھے۔

کھیل کے آغاز پر قومی ٹیم محض ایک رنز کا اضافہ کر سکی تھی اور ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے۔ قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 125 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے اور ان کی اننگز میں 17 چوکے شامل تھے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستان کی آخری وکٹ اِش سودھی کے حصے میں آئی۔

نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ڈیون کانوے صفر کے انفرادی اسکور پر وکٹ جلد گنوا بیٹھے تاہم کین ولیمسن اور ٹام لیتھم نے ذمہ دارنہ اننگز کھیلتے ہوئے 109 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی لیکن لیتھم 62 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، کین ولیمسن 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ٹام بلنڈل اور مچل پریسویل نے 127 رنز کی شراکت داری قائم کی، بلنڈل  74 رنز بناکر آغا سلمان کا شکار ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، آغا سلمان، حسن علی، میر حمزہ اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم نے تیسرے روز 3 وکٹوں کے نقصان پر 154 پر دوبارہ اننگز کا آغاز کیا تو 29 رنز کے اضافے کے بعد اوپنر امام الحق جلد وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے 83 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق 19، شان مسعود 20، کپتان بابراعظم 24، آغا سلمان 41، حسن علی 4، نسیم شاہ بھی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ میر حمزہ پہلی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

سرفراز احمد اور سعود شکیل نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 150 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، سرفراز 78 رنز بناکر اسٹمپ آؤٹ ہوئے تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اعجاز پٹیل نے 3، اِش سودھی نے 2 جبکہ ٹم ساؤتھی، میٹ ہینری اور ڈیرل مچل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

اس سے قبل دوسرے روز نیوزی لینڈ نے اپنی بقیہ اننگز 309 رنز 6 وکٹوں پر شروع کی لیکن اش سودھی 11 رنز پر نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ ٹام بلنڈل 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور کپتان ٹم ساؤتھی 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔

کھانے کے وقفے کے بعد اعجاز پٹیل 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ میٹ ہینری 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کیوی ٹیم کی جانب سے اوپنر ڈیون کانوے نے 122، ٹام لیتھم نے 71، ٹام بلنڈل نے 51 اور میٹ ہینری نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ مہمان ٹیم کی آخری جوڑی کے درمیان 104 رنز کی شراکت قائم کی گئی۔

قومی ٹیم کے لیگ اسپنر نے 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ نسیم شاہ اور آغا سلمان نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میر حمزہ اور حسن علی کوئی وکٹ لینے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

میچ کے پہلے روز دوسرے سیشن میں اوپنر ڈیون کانوے نے سنچری مکمل کی لیکن چائے کے وقفے کے بعد ڈیون کانوے 122 رنز کی اننگز کھیل کر سلمان آغا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کین ولیمسن 36 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیرل مچل 3 رنز بنا کر سلمان آغا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ہینری نکولس 26 رنز اور اور مائیکل بریسویل صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر ٹام بلنڈل 30 اور اش سودھی 11 رنز پر وکٹ پر موجود تھے۔

اس سے قبل پہلے سیشن میں کیوی ٹیم کے اوپنرز نے 119 رنز بنائے تھے تاہم کھانے کے وقفے کے بعد ٹام لیتھم 71 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بھی ڈرا ہو گیا تھا۔


متعلقہ خبریں