آٹا مہنگا، عوام رل گئے، پشاورہائیکورٹ کا نوٹس


ملک کے مختلف شہروں میں آٹا نایاب ہوگیا۔ پشاور ہائیکورٹ نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا۔

کراچی سے پشاور تک عوام سستے آٹے کے حصول کے لیے رل گئے۔  بیشتر شہروں میں چکی مالکان نے آٹے کی قیمت 160 روپے  کلو مقرر کردی۔ مختلف شہروں میں شہری سستے آٹے کے لیے لمبی لمبی قطاروں میں لگنے پر مجبور ہیں۔

بنوں میں آٹا نہ ملنے کے خلاف کوہاٹ چونگی میں احتجاج کیا گیا۔ ضلع خیبر کے مختلف مقامات پر بھی شہریوں نے مظاہرہ کیا۔ جمرود بائی پاس پر خواتین نے  سڑک کو بند کر دیا، لنڈی کوتل میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ پاک افغان شاہراہ پر احتجاج کے باعث گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

پشاور ہائیکورٹ نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا ۔ عدالت نے وفاقی، صوبائی سیکریٹری فوڈ، ڈائریکٹر فوڈ کو کل پیش ہونے کا حکم دے دیا ۔ چیف  جسٹس   پشاور ہائیکورٹ نے کہا عوام آٹے کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ، کوئی پوچھنے والا نہیں، وفاقی و صوبائی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہوگئی ہے۔

عدالت سے استفسار کیا کہ کیا  خیبرپختو نخوا   میں کوئی وزیرخوراک ہے؟  کہا حکومت ڈالروں کے پیچھے بھاگتی ہے لیکن عوام کو کچھ نہیں دے رہی، چیف جسٹس  پشاور ہائیکورٹ  نے محکمہ خوراک کے وفاقی و صوبائی  اعلیٰ حکام کو کل طلب کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں:امکان ہے پاکستان اگلے چھ ماہ تک ڈیفالٹ نہیں کرے گا، بلومبرگ

دوسری جانب خیبر پختونخوا میں آٹے کے بحران پر قابو پانے کیلئے کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، محکمہ خوراک کے مطابق آٹے کا یومیہ کوٹہ پانچ ہزار سے بڑھا کر چھ ہزار پانچ سو میٹرک ٹن کر دیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے آج سے آٹا نہ دینے والے ڈیلرز کے خلاف کارروائی کا  بھی اعلان کر دیا ہے۔ وزیر خوراک عاطف خان نے کہا،جو ٹھیکیدار جتنا آٹا بیچے گا اسکی تفصیل بھی دے گا۔ صوبے میں گندم کی قلت یا بحران نہیں، مسئلہ ریٹ کا ہے۔ حکومت نے اچانک غیر ضروری گندم کا ریٹ بڑھایا جس کی وجہ سے گندم کا بحران آیا،پاسکو کی طرف سے جو آٹا افغانستان جا رہا ہے اس پر بھی سختی کریں گے۔

اسلام آباد کے شہریوں کےلئے بھی گندم کا کوٹہ بڑھا دیا گیا،شہر میں 80 مقامات پر سیل ڈپو قائم کر دیئے گئے۔ڈپٹی کمشنراسلام آباد عرفان نواز میمن کا کہنا ہے کہ ہر سیکٹر کے مرکز اور نواحی علاقے کی اہم جگہوں پر سیل پوائنٹ قائم ہیں۔ہر سیل پوائنٹ پر نو سو تھیلے روزانہ کی بنیاد پر دستیاب ہوں گے۔سیل پوائنٹ پر دس کلو آٹے کا تھیلا چھ سو اڑتالیس روپے میں فروخت ہو گا۔

پنجاب میں آٹےکے  سرکاری کوٹے میں اضافہ  کردیا گیا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق گندم کی فی من قیمت میں 1200 روپے کمی آ گئی جس سے 5400 والی گندم کھلی منڈی میں 4200 روپے من پر آگئی ہے۔ چکی پر بھی آٹے کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں