تھانے پر حملہ، ڈی ایس پی سمیت 3 اہلکار شہید


پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع پشاور کے نواحی علاقے میں تھانے پر دہشتگردوں کے حملے میں ڈی ایس پی سمیت 3 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے سربند میں پولیس تھانے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تاہم حملے میں ڈی ایس پی سردار حسین اور 2 اہلکار شہید ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ تھانے پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی تعداد 6 سے 8 تھی جبکہ حملے میں دستی بم اور اسنائپر گنز کا استعمال کیا گیا۔

پولیس افسر کے مطابق دہشت گردوں نے مختلف اطراف سے تھانے پر حملہ کیا تھا جبکہ ڈی ایس پی اور اہلکار دہشت گردوں کا تعاقب کرتے ہوئے شہید ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو بلائیں، ان کا بھی سیاسی کام تمام کرائیں، شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پشاور تھانہ سربند چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کو خیبر پختونخوا میں مسلسل بگڑتی ہوئی امن امان کی صورتحال پر تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گرد تھانوں پر حملے کر رہے ہیں لیکن لگتا ہے خیبر پختونخوا حکومت نے بنوں سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر حملے سے کوئی سبق نہیں سیکھا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ساری توانائیاں صوبائی اسمبلی توڑنے پر مرکوز ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے حملوں میں خیبر پختونخوا پولیس بھی محفوظ نہیں ہے تو عوام کے تحفظ کا کیا ہو گا؟


متعلقہ خبریں