شہبازشریف کو بچپنے اور سنجیدگی میں فرق معلوم نہیں، چوہدری نثار


اسلام آباد: سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہبازشریف کو بچپنے اورسنجیدہ عمل میں فرق کا بھی احساس نہیں ہے کیونکہ بچپنا دراصل وہ ہے جوان کی پارٹی قیادت اس وقت روا رکھے ہوئے ہے۔

شہبازشریف نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”چوہدری نثارمیں بچپنا ہے اور بچے کو منانا پڑتا ہے۔” اس کے ردعمل میں چوہدری نثارعلی خان کے ترجمان نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہی غیرسنجیدہ رویہ ہے جس کی وجہ سے شہبازشریف  بطور پارٹی صدر کچھ  نہیں کر پا رہے۔ انہیں چاہیے کہ وہ مشکل صورت حال سے نکلنے میں اپنی توانائی خرچ کریں۔

بیان میں شہبازشریف کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 30 سال پرانی باتوں کا ذکرکر رہے ہیں، انہیں چاہیے کہ ماضی کو چھوڑیں اورموجودہ صورتحال پر توجہ دیں۔

گزشتہ کئی ماہ سے نواز شریف اورچوہدری نثار کے مابین تعلقات میں سرد مہری آچکی ہےاور ان اختلافات کی خبریں میڈیا کی زینت بھی بنتی رہی ہیں جبکہ سابق وفاقی وزیرداخلہ خود بھی ان خبروں کی صداقت کا اعتراف کرچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں