الیکشن میں تاخیر نہ حکومت کو قبول ہے نہ اپوزیشن کو، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر نہ حکومت کو قبول ہے اور نہ ہی اپوزیشن کو، جمہوری سفر میں بہت رکاوٹیں ہیں تاہم ملکی مسائل قومی سطح پر مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہوں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی کے الوداعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آج ملک میں سیکیورٹی کی صورت حال بہت بہتر ہے اوراس کا واضح ثبوت کراچی میں امن وامان کی صورتحال ہے، افواج پاکستان نے اسی دشمن سے مقابلہ کیا جس کے خلاف پوری دنیا ناکام ہوچکی تھی۔

شاہد خاقان عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری حکومت نے نوازشریف کی قیادت میں بجلی اورگیس کی لوڈشیڈنگ پرقابو پایا ہے جبکہ 1700 کلومیٹر موٹروے کی تعمیر مکمل کی گئی ہے جو ملک میں انقلاب کا باعث بنے گی، فاٹا ریفارمز کا مسئلہ حل کیا گیا ہے جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیرریفارمز جیسے معاملات بھی زیر بحث ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے خارجہ پالیسی میں پاکستان کی خودمختاری پرحرف نہیں آنے دیا، ہرسطح پر کشمیر کا مسئلہ اٹھایا اورکشمیریوں کی قربانیاں دنیا سے تسلیم بھی کرائی ہیں جبکہ افغانستان سے متعلق پوری دنیا ہمارے موقف کی تائید کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آنے والی حکومت کو معیشت بہت بہترملے گی کیونکہ کوئی ہفتہ ایسا نہیں گزرتا جب غیرملکی سرمایہ کار پاکستان نہ آتے ہوں، مجھے امید ہے کہ اگلی حکومت زیرتعمیرڈیمز پرکام مکمل کرے گی۔

ملکی معیشت کو درپیش مسائل کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں درآمدات اوربرآمدات پرمزید توجہ دینا ہوگی، سی پیک منصوبے کے ذریعے پاکستان وسط ایشیا سے منسلک ہوجائے گا، ملک کی تمام سیاسی جماعتیں سی پیک سے متعلق ایک پیج پرہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جمہوری عمل کو تقویت دی جبکہ اپوزیشن لیڈر نے مثالی کردارادا کیا اورہمیشہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کی بات کی۔


متعلقہ خبریں