نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے پی ٹی آئی امیدوار ناصردرانی نے معذرت کر لی


لاہور: نگراں وزیراعلی پنجاب کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار ناصردرانی نے ذمہ داری قبول کرنے سے معذرت کر لی۔

ذرائع کے مطابق سابق آئی جی پولیس صوبہ خیبرپختونخوا ناصردرانی کا کہنا ہے کہ میری صحت اتنی بڑی ذمہ داری اٹھانے کے قابل نہیں ہے اور میں اپنے اس فیصلے سے پی ٹی آئی اور ن لیگ کے رہنماؤں کو آگاہ کر چکا ہوں۔

اس سے پہلے پی ٹی آئی نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے سابق بیورو کریٹ ناصر کھوسہ کو نامزد کیا تھا لیکن پارٹی کے اندر سے اس بارے میں تحفظات کا اظہارکیا گیا جس کے باعث ان کا نام واپس لے لیا گیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پی ٹی آئی کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزدگی کے لئے ایک کمیٹی قائم کی تھی جس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، چوہدری سرور، شفقت محمود، فواد چوہدری، علیم خان اور میاں محمود الرشید شامل تھے۔

کمیٹی نے مختلف ناموں پرغورکرنے کے بعد ڈاکٹر حسن عسکری اور سابق آئی جی خیبر پختونخوا ناصردرانی کا انتخاب کیا  تاہم ان کی معذرت کے بعد پی ٹی آئی کو پھر سے کوئی نام تلاش کرنا ہوگا۔


متعلقہ خبریں