عمران خان کی گرفتاری کا فیصلہ حکومت نہیں ادارے کریں گے، رانا ثنا اللہ


اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کا فیصلہ حکومت نہیں بلکہ متعلقہ ادارے کریں گے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مریم نواز 27 جنوری کو پاکستان پہنچیں گی اور یکم فروری سے مریم نواز پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابی مہم شروع کریں گی۔ مسلم لیگ ن انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لے گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے برطانیہ کے علاوہ پاکستان میں بھی انتخابات پر مشاورت کی جبکہ انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کرے گا۔ امید ہے کہ پارلیمانی بورڈ کی صدارت نواز شریف پاکستان آکر کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیوایم کا کراچی اور حیدرآباد کے الیکشن کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میرے وفاق یا پنجاب میں رہنے کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی اور مسلم لیگ ن کے سینئررہنماؤں کو نواز شریف کے ساتھ انتخابی مہم میں حصہ لینا چاہیے۔ نواز شریف کی واپسی قانونی موشگافیوں سے نمٹ کر باعزت طریقے سے ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے جب نواز شریف لاہور آئیں تو ان کا فقید المثال استقبال کیا جائے اور نواز شریف کا استقبال ہی بتائے گا کہ عمران خان کی مقبولیت جھوٹی تھی۔

عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کا فیصلہ حکومت نہیں متعلقہ ادارے کریں گے۔


متعلقہ خبریں