موجودہ حکومت کے بروقت فیصلے نہ کرنے سے ملک کا نقصان ہوا، مفتاح اسماعیل


سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کے بروقت فیصلے نہ کرنے سے ملک کا نقصان ہوا۔

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ اس وقت مشکل معاشی حالات  ہیں۔ حکومت نے پچھلے چار ماہ میں جو فیصلے نہیں کیے اس سے ملک کو نقصان ہوا۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس  کےدوران انہوں نے کہا ہےکہ پاکستان کا قرض بڑھ کر51ہزار ارب تک پہنچ گیا ہے۔ آئی ایم ایف سے بات چیت کے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں ۔ امید ہے اب معاشی مسائل حل ہوں گے۔

مفتاح اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ گالم گلوچ اور الزام تراشی کی سیاست ملکی مسائل حل نہیں کر سکتی، تمام مسائل کا حل آئین میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کو سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے،  معیشت، سیاست اور دیگر مسائل کا حل آئین میں موجود ہے، جو خرابیاں 10 سے 20 سال میں پیدا ہوئیں وہ 8 ماہ میں ٹھیک نہیں ہو سکتیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک کے حقائق بہت تلخ ہیں، پاکستان کے پاس مسائل کو کوئی معجزاتی حل نہیں ہے، اگر ہم چاہتے ہیں کہ ملکی مسائل حل ہوں تو ہمیں سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے آئین کے مطابق تمام فیصلے کرنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ نوازشریف کے ساتھ ہونےوالی ناانصافیوں کا ازالہ ہونا چاہیے ،،جب الیکشن ہوئے ہم اسی  جماعت سے الیکشن لڑ لیں گے۔


متعلقہ خبریں