قومی اسمبلی آج رات 12 بجے تحلیل ہو جائے گی


اسلام آباد: وزارت پارلیمانی امور نے قومی اسمبلی کی تحلیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق آج رات 12 بجے آئین کے آرٹیکل 52 کے تحت اسمبلی تحلیل ہوجائےگی۔

ذرائع کے مطابق رات بارہ بجے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گارڈ آف آنر کے ساتھ روانہ کیا جائےگا جبکہ وہ آفس اسٹاف سے الوداعی ملاقات بھی کریں گے۔

یکم جون کو جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک نگراں وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے اور مرکزی حکومت کی باگ ڈور ان کے حوالے کر دی جائے گی۔ آئندہ ہفتے کے دوران نگراں وزیراعظم اپنی کابینہ کا اتنخاب کریں گے۔

اگرچہ مرکز میں قائد ایوان شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ  کے درمیان نگراں وزیر اعظم کے تقرر پر اتفاق ہوگیا لیکن ابھی تک نگراں وزرائےاعلیٰ کا تعین نہیں ہوسکا اوراس حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ اگریہ اتفاق رائے نہ ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں چلا جائے گا۔ اسی طرح بلوچستان اسمبلی میں انتخابات ایک ماہ کے لئے ملتوی کرنے کی قرارداد بھی منظورہو چکی ہے۔


متعلقہ خبریں