کتے نے شکاری کو گولی مار کر ہلاک کر دیا


کنساس: امریکی ریاست کنساس میں رائفل پر غلطی سے کتے کا پاؤں لگنے سے چلنے والی گولی سے شکاری ہلاک ہو گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 30 سالہ نوجوان شکاری جوزف آسٹن گیڈا اسپرنگز میں شکار کرنے کی غرض سے اپنے پالتو کتے کے ہمراہ موجود تھا۔

مقامی پولیس کے مطابق ہفتے کی صبح 911 پر ایک کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ ایک پک اپ ٹرک میں شخص کی لاش موجود ہے۔ جسے گولی مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔

کال موصول ہوتے ہی پولیس جائے حادثے پر پہنچی تو ایک شخص پک اپ ٹرک کی ڈرائیونگ سیٹ پر گرا ہوا تھا جسے پیٹھ پر گولی لگی تھی جبکہ پچھلی سیٹ پر ہلاک شخص کا کتا موجود تھا جبکہ شکار کے لیے لایا گیا سامان بھی رکھا ہوا تھا اور ساتھ ہی نوجوان کی شکار کے لیے لائی گئی رائفل موجود تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پونے 3 کلو وزنی مینڈک دریافت

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق پچھلی نشست پر رکھی رائفل لوڈڈ تھی جو کتے کا پاؤں لگنے سے چل گئی اور گولی آگے بیٹھے شکاری کی پیٹھ پر جا لگی تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ اسی طرح کے واقعات 2022، 2017 اور 2018 میں بھی پیش آ چکے ہیں جس میں کتے کا پاؤں لگنے سے گولی چلی اور مالک کو جا لگی۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں