شیخ رشید سی وی لے کر گھوم رہے ہیں، شرجیل میمن


کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شیخ رشید سی وی لے کر گھوم رہے ہیں، پی ڈی ایم نے نوکری پر رکھنے سے جواب دے دیا۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سابق صدر آصف علی زرداری پر جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید سیاسی بے یتیمی اور سیاسی بے روزگاری کا شکار ہو چکے ہیں وہ سی وی لے کر گھوم رہے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور جے یو آئی نے شیخ رشید کو نوکری پر رکھنے سے جواب دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف نے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی تقرری چیلنج کردی

شرجیل میمن نے کہا کہ شیخ رشید لال حویلی سے بے دخل ہونے سے بچنے کے لیےالزامات لگا رہے ہیں جبکہ آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر مشکل حالات میں ملک کو بچایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اس کے حواریوں کا دھرنے اور احتجاج کرنا مقدر بن گیا ہے۔ غیر سیاسی لوگوں کو مصنوعی طریقے سے قوم پر مسلط کیا گیا تھا اور ان کو پتہ ہے کہ سہاروں کے بغیر یہ یونین کونسل کا الیکشن نہیں جیت سکتے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ محسن نقوی کا انتخاب الیکشن کمیشن نے آئین و قانون کے مطابق کیا ہے اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کی گرفتاری کا جشن منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں ان کی مرضی کے لوگ لگائے جائیں اور عمران خان گرفتاری کے خوف سے زمان پارک کے بل میں چھپے ہوئے ہیں۔ لوگوں کا باہر اجتماع جمع کر کے عمران خان سمجھتے ہیں کہ وہ مقدمات سے بچ جائیں گے۔


متعلقہ خبریں