2 دنوں میں ساڑھے 4 ٹریلین روپے قرض بڑھ گیا، شوکت ترین


لاہور: سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ 2 دنوں میں ساڑھے 4 ٹریلین روپے قرض بڑھ گیا ہے۔

سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی نسبت روپے میں 24 روپے کی تنزلی ہوئی ہے اور ڈالر کے اوپر جانے سے مہنگائی میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ 2 دنوں میں ساڑھے 4 ٹریلین روپے کا قرض بڑھا چکے ہیں اور ابھی تک انہوں نے 11 سے 12 ٹریلین روپے کا قرض ملک پر چڑھا دیا ہے جبکہ پیٹرول سمیت جو چیز ان کے پلے پڑے گی یہ اس کی قیمت بڑھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی ترقی و خوشحالی اللہ تعالیٰ کے ذمے ہے، اسحاق ڈار

شوکت ترین نے کہا کہ مہنگائی کا ایک اور طوفان آنے والا ہے، اب کھانے پینے کی چیزیں اور بجلی کے نرخ بڑھیں گے اور آنے والے دنوں میں بیروزگاری میں مزید اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ مزید ٹیکسز لگائیں گے اور عوام پر مزید بوجھ ڈالیں گے۔ ہمارے دور میں 17 سالوں کے دوران سب سے زیادہ ترقی ہوئی اور 21 فیصد ٹیکس بڑھنے سے ہمارے ریوینیو میں اضافہ ہوا جبکہ مہنگائی 4 فیصد پر تھی۔ ہمیں انہوں نے 40 مہینے دیئے اور ہم نے پرفارم کر کے دکھایا۔ اس گڑھے سے نکلنے کی بھی پلاننگ کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ ملک میں ہوشربا مہنگائی ہوگئی ہے اور یہ کہتے تھے کہ ڈالر 200 روپے سے نیچے آئے گا۔ حکومت کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق مہنگائی کی شرح بلند ترین ہوئی ہے اور اب یہ پاکستان کی اکانومی کا مسئلہ نہیں بلکہ قومی سلامتی کا مسئلہ رہ گیا ہے۔ آئی ایم ایف سے جو معاہدہ ہو گا نہ جانے کیا کیا مہنگا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد ان کے پاس کوئی راستہ نہیں بچے گا اور ان کو انتخابات میں جانا پڑے گا، اب نئے مینڈیٹ کے ساتھ حکومت بنے گی جو قابل قبول ہو گی۔ جیسی صورتحال پیدا کر دی گئی ہے اس کے بعد آئی ایم ایف کا کوئی مطالبہ رد کیے جانے کا امکان نہیں ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ فواد چودھری کی دلیری اور سچ بولنے پر ان کو اٹھایا گیا لیکن کل فواد چودھری کو ضمانت مل جائے گی۔ پرویزالہٰی نے فواد چودھری کے حوالے سے نامناسب بیان دیا۔


متعلقہ خبریں