عمران خان کے قتل کی سازش پر عمران ریاض کا بڑا انکشاف



سابق وزیراعظم عمران خان کے سابق صدر آصف علی زرداری پر لگائے گئے الزامات پر اینکر عمران ریاض خان نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری والے اس معاملے کا عمران خان کو 48 گھنٹے پہلے پتا چلا تھا اور انہوں نے اپنے دوستوں سے بھی اس بارے میں بات کی تھی۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمر عباس کے اس سوال پر کہ پیپلز پارٹی نے عمران خان کے الزام پر انہیں عدالت لے جانے کا اعلان کیا ہے، پر عمران ریاض کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری پر اس سے پہلے بھی الزامات لگتے رہے ہیں، ان پر بنظیر بھٹو کے قتل کا بھی الزام تھا کہ وہ اس میں سہولت کار تھے، کتنے لوگوں اور سیاستدانوں کو وہ اس پر عدالت پر لے کر گئے؟  اصل میں جب اسٹیبلشمنٹ آپ کے خلاف ہوجاتی ہے تو سب کو بولنا آجاتا ہے کہ اس کے خلاف کیس کرو کیونکہ سارا نظام اس کے خلاف ہے، تو یہاں ہم کامیابی حاصل کر لیں گے۔

عمران ریاض نے دعوی کیا کہ آصف علی زرداری والے اس معاملے کا عمران خان کو 48 گھنٹے پہلے پتا چلا تھا، انہیں یہ اندر کی خبر آئی تھی جس کے بارے میں انہوں نے اپنے ساتھیوں سے بات بھی کی تھی۔ جس کے بعد انہوں نے کاونٹر چیک کیا اور مناسب سمجھا کہ اب میں یہ بتاوں تو ہی انہوں نے بتایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان پاکستان کا واحد لیڈر ہے جس نے بتایا کہ مجھے ماراجائے گا، اس نے بتایا کہ مذہبی جنونی شخص میرے پر گولیاں چلائے گا، اور اس منصوبے کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی جائے گی، یہ بھی بتایا کہ اس کے قتل کی سازش تیار ہو چکی ہے، اور وہ سارا کچھ ویسے ہی ہوا جیسے اس نے بتایا تھا اور اگر وہ ایک بار پہلے اپنے قتل کی سازش بےنقاب کرچکا ہے تو اب ہمارے پاس کوئی وجہ نہیں ہے کہ ہم اس کی بات نہ مانیں۔

یہ بھی پڑھیں: پارٹی سربراہی سے ہٹانے کی کارروائی، عمران خان کا کیس سماعت کےلئے مقرر

واضح رہے گزشتہ روز کے خطاب میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  عمران خان نے الزام لگایا تھا کہ  میرے خلاف بنائے گئے قتل کے تیسرے منصوبے کے پیچھے آصف علی زرداری ہیں، انہوں نے دہشتگرد تنظیموں کو پیسہ لگایا تھا، جس میں ایجنسی کے لوگ سہولت کار ہیں۔

لاہور میں وڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب پہلی بار ہماری حکومت ہٹائی گئی تو مجھے پتا چلا کہ مجھے قتل کرنے کی سازش کی گئی ہے اور میں نے ان چار لوگوں کے نام بتا کر ویڈیو بنا دی اور کہا کہ اگر قتل کیا گیا تو اس میں وہ چار لوگ ملوث ہوں گے مگر وہ اپنے منصوبے سے پیچھے ہٹ گئے۔

انھوں نے کہا کہ پھر ان لوگوں نے پلان بی بنایا اور ایک مذہبی انتہاپسند کے ذریعے مجھے قتل کرانے کی کوشش کی جس کا مجھے پتا چلا تو میں نے اپنے جلسوں میں بھی اس کا ذکر کیا۔

عمران خان نے کہا کہ اب پلان سی بنا ہے جس کے پیچھے آصف زرداری ہیں، جس نے کرپشن کا پیسہ ایک دہشت گرد تنظیم پر لگایا جس میں ایجنسی کے لوگ سہولت کار ہیں اور تین اطراف سے یہ فیصلہ ہوا ہے جنھوں نے اگلی واردات کرنی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں قوم کو اس لیے بتا رہا ہوں کیونکہ جو پہلے چار نام دیے تھے ان کے ساتھ آصف زرداری کا نام بھی آئے گا۔


متعلقہ خبریں