شیخ رشید کی پیش گوئیاں سچ نہ ہو سکیں

پاکستانی بابا وانگا شیخ رشید کی پیش گوئیاں سچ نہ ہو سکیں | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستانی سیاست کے معروف نام شیخ رشید پانچ برسوں کے دوران مسلسل حکومت ختم ہونے کی پیش گوئی کرتے رہے تاہم یہ سچ نہ ہو سکیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور عمران خان کے اتحادی سیاستدان نے کبھی عید سے قبل بڑی عید کی نوید سنائی تو کبھی کہا کہ حکومت 90 دن کی مہمان ہے لیکن ن لیگ کی حکومت اپنی مدت پوری کر کے 31 جولائی 2018 کو ہی رخصت ہوئی۔

نوازشریف کی حکومت شروع ہوتے ہی شیخ رشید حکومت مخالف بینچوں میں پہنچ گئے تھے۔ اس دوران تحریک انصاف سربراہ عمران خان نے دھرنا دیا تو اپنی جماعت عوامی مسلم لیگ کی نمائندگی کرتے ہوئے شیخ رشید بھی اسٹیج پر موجود رہے۔

کئی ہفتوں پر مشتمل دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے وہ بولے کہ عیدالفطر سے پہلے بڑی عید آنے والی ہے تاہم رمضان کے بعد عیدالفطر اور پھر ذوالحج کے مہینے میں بقرعید یا بڑی عید بھی حکومت کی موجودگی میں ہی گزر گئی۔

اس مرحلے پر بھی شیخ رشید خاموش نہ ہوئے اور سیاسی فٹ پاتھ کی فال مکمل طور پر فعال رہی۔ ڈان لیکس کا مسئلہ پیش آیا تو شیخ رشید پھر گویا ہوئے کہ ن لیگ کی حکومت 90 روز کی مہمان ہے۔ یہ معاملہ بھی نمٹ گیا اور حکومت اپنی جگہ پر موجود رہی۔

دسمبر میں ایک بار پھر شیخ رشید نے پیش گوئی کی کہ دو شریفوں میں سے ایک جانے والا ہے، ان کا اشارہ نوازشریف کے طرف تھا مگر دسمبر میں پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل راحیل شریف ریٹائرڈ ہوگئے۔

پاکستانی سیاسی تاریخ میں ہلچل بپا کرنے والا پانامہ کا معاملہ سامنے آیا، طویل سماعتوں کے بعد فیصلہ ہوا تو شیخ رشید نے شدت جذبات میں پھر پیش گوئی کردی کہ ن لیگ کی اینٹیں نکلنا شروع ہوگئی ہیں، چند ہفتے رکیں چوہدری نثار، شہبازشریف اور سعد رفیق بھی نکلیں گے۔

شیخ رشید کی پیش گوئیوں سے متعلق ریکارڈ بتاتا ہے کہ وہ ان کے درست یا غلط ہونے کی پرواہ کیے بغیر مسلسل اندازے قائم کرنا جاری رکھتے ہیں۔


متعلقہ خبریں