فواد حسن فواد وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کے عہدے سے فارغ


اسلام آباد: وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد کو ڈی جی سول سروس اکیڈمی لاہورتعینات کردیا گیا ہے اور ان کی جگہ سہیل عامر کو وزیراعظم کا پرنسپل سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔

سہیل عامرپاکستان بیوروکریسی کے سینئرترین عہدے پر فائز گریڈ 22 کے افسر ہیں، 2016 میں انہیں سیکرٹری اوورسیز پاکستانی اینڈ ہیومن ریسورس تعینات کیا گیا تھا، اس سے قبل وہ وزارت مذہبی امور سے وابستہ تھے۔

نئی تقرری صدرمملکت کی حکم پرعمل میں لائی گئی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد حسن فواد نے پہلے ہی تبادلے کی درخواست دی ہوئی تھی۔

فواد حسن فواد نے 21 نومبر 2015 کو وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کے طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔ انہوں نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کےساتھ کام کیا۔

ان کے خلاف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں تحقیقات بھی جاری ہیں، اس سلسلے میں انہیں قومی احتساب بیورو (نیب) میں  کئی بار طلب کیا جاچکا ہے۔

ان نئی تعیناتیوں کےعلاوہ اسلامی نظریاتی کونسل کے نو نئے ارکان کی تقرری بھی کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں