نگراں وزیراعلی پنجاب کی نامزدگی، تحریک انصاف کے متضاد بیانات


لاہور: پنجاب میں نگراں وزیراعلی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے مختلف رہنماؤں کے متضاد بیانات سامنے آگئے۔

پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری کے مطابق نگراں وزیراعلی پنجاب کے لئے ان کی جماعت کی جانب سے تین نام دیے گئے ہیں جن میں حسن عسکری، ایازامیر اور یعقوب طاہر اظہارشامل ہیں جبکہ پنجاب اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈرمیاں محمود الرشید کے مطابق انہوں نے چارنام اسپیکر پنجاب اسمبلی کو دیے ہیں جن میں حسن عسکری، ایاز امیر، اوریا مقبول جان اور یعقوب طاہر اظہار شامل ہیں۔

آج محمودالرشید نے اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال سے ملاقات کی جس میں انہوں نے نگراں وزیراعلی پنجاب کے لئے چار نام پیش کیے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اس امید کا اظہارکیا کہ اتوار تک حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کسی ایک نام پر اتفاق رائے ہو جائے گا۔

محمود الرشید کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ان کی فون پر بات ہوئی تھی جس میں مشاورت کے بعد اوریا مقبول جان کا نام شامل کیا گیا۔

اس کے برعکس فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ رابطوں کے فقدان کی وجہ سے کچھ غلط فہمی ہوئی، اوریا مقبول جان کے نام پر چاررکنی کمیٹی میں غورکیا گیا تھا لیکن جونام فائنل ہوئے ان میں اوریا مقبول جان کا نام شامل نہیں ہے۔

پنجاب کے وزیراعلی کا نام طے کرنے کے لئے پی ٹی آئی کی کمیٹی میں شاہ محمود قریشی، جہانگیرترین، شفقت محمود اورعلیم خان شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں