مارگلہ ہلز میں لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا


اسلام آباد: مارگلہ ہلز میں بھڑک اٹھنے والی آگ پرمکمل طور پر قابو نہیں پایا جاسکا تاہم پہاڑیوں کے دوحصوں میں لگی آگ بجھا دی گئی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مارگلہ پہاڑیوں میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے ہیلی کاپٹر آپریشن جاری ہے، آپریشن میں ایک ایئرفورس اور دو آرمی ہیلی کاپٹرزحصہ لے رہے ہیں جن کے ذریعے بری امام اور مونال کی پہاڑیوں میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے تاہم فیصل مسجد کی سمت پہاڑیوں میں بدستور آگ لگی ہوئی ہے جسے بجھانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ سب سے پہلے بری امام کی پہاڑیوں میں بھڑکنے والی آگ کو بجھانا لازمی تھا کیونکہ آگ پہاڑوں سے متصل آبادی کی جانب بڑھ رہی تھی، اگراس پر قابو نہ پایا جاتا تو کسی بڑے سانحے کا خدشہ تھا تاہم اب صورتحال قابو میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مارگلہ ہلز کے بیشتر حصے میں لگی آگ پرمکمل طورپرقابو پا لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس پہاڑی سلسلے میں گزشتہ دو روز سے آگ لگی ہوئی ہے جواس قدرشدید تھی کہ مارگلہ ہلز کے تفریحی مقام دامن کوہ سے ہوتی ہوئی مونال کے قریب سڑک تک پہنچ گئی تھی جس کے بعد متعلقہ حکام نے فوج سے مدد کی اپیل کی۔

اسلام آباد کی پہچان سمجھے جانے والے اس پہاڑی سلسلے میں آگ لگنے کی وجہ بظاہر گرمی کی شدت کو قرار دیا جاتا ہے لیکن بہت سے باخبر افراد اس کا الزام سی ڈی اے افسران پر لگاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں