انتخابات کے التوا کی بات کرنے والے کس کی بولی بول رہے ہیں، نواز شریف


فیصل آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ عوام نے انتخابات کے التوا کی قرارداد مسترد کر دی ہے، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، بلوچستان میں انتخابات ملتوی کرنے کی بات کرنے والے کس کی بولی بول رہے ہیں۔

فیصل آباد میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی سزا بھگت رہا ہوں، مسلم لیگ ن کی مضبوط پوزیشن کے باعث انتخابات ملتوی کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا اس لیے میرے خلاف مقدمے بن رہے ہیں کہ میں نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا،  ملک سے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی ختم کرنے کی پیشیاں بھگت رہا ہوں، مجھے بتایا جائے کہ میں نے کون سی کرپشن کی ہے، پاکستان خوشحالی کی طرف بڑھ رہا تھا کہ میرے خلاف فیصلہ سنا دیا گیا، اب عوام کا ووٹ میرے خلاف فیصلے کو واپس کرسکتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کسی نے ترقی دیکھنی ہے تو پنجاب میں آ کردیکھ لے، اس کے برعکس خیبرپختونخوا میں نامکمل منصوبوں کا افتتاح کیا جا رہا ہے، عمران خان نے اس صوبے کو تباہ کردیا ہے۔

نوازشریف نے دعویٰ کیا کہ انتخابات میں ایسی مہریں لگیں گی جو پوری زندگی یاد رکھی جائیں گی کیونکہ سب  کو معلوم  ہے انتخابات ہوئے تو مسلم لیگ ن ہی جیتے گی۔


متعلقہ خبریں