اشرافیہ پر ٹیکس لگائیں، دوہرا نظام نہیں چلے گا، بلاول بھٹو


اسلام آباد: وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اشرافیہ پر بھی ٹیکس لگائیں ملک میں دوہرا نظام نہیں چلے گا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت چاہتی ہے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا بوجھ غریب عوام پر ڈالا جائے تو یہ غلط ہو گا اور
اگر اس کا بوجھ غریب عوام پر پڑا تو یہ ہمارے لیے بھی بہت مشکل ہو گا۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہم چاہتے ہیں آئی ایم ایف کا بوجھ امیر طبقے پر بھی پڑے اور آئی ایم ایف کا بوجھ اشرافیہ پر بھی ڈالا جائے۔ اشرافیہ پر بھی ٹیکس لگائیں ملک میں دوہرا نظام نہیں چلے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جہاں سے ٹیکس وصول نہیں ہوتا حکومت وہاں کوئی دباؤ ڈالے اور وزیر اعظم نے ایسے معاملات پر مشاورت کے لیے کمیٹی بنانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد کافی ایسے وفاقی ادارے ہیں جو ختم ہو چکے ہیں اور ایسے اداروں کا ابھی تک قائم رہنا غیرآئینی ہے۔ ایسے ادارے ملکی معیشت پر بوجھ ہیں اور ہم چاہتے ہیں اصلاحات کا عمل وہیں سے شروع ہو۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو انگلی پکڑ کر چلایا گیا، مریم نواز

وزیر خارجہ نے کہا کہ چاہتے ہیں پاکستان کے معاشی اور دیگر مسائل دنیا کے سامنے رکھیں جبکہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاملات ابھی تک چل رہے ہیں۔

ملک میں ہونے والی دہشتگردی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے اور پشاور مسجد میں ہونے والا دھماکا افسوسناک تھا۔ کراچی میں بھی گزشتہ روز پولیس کے دفتر پر دہشتگردوں نے حملہ کیا اور کراچی پولیس نے بڑی بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کیا۔

انہوں ںے کہا کہ دہشتگردی پھر سے سر اٹھا رہی ہے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے دنیا کا ساتھ چلنا ضروری ہے۔


متعلقہ خبریں