لارڈز کے شیر لیڈز میں کھیلنا بھول گئے


لیڈز: لارڈز کے شیر لیڈز میں کھیلنا بھول گئے انگلش باولرز کے سامنے پاکستان کی پوری ٹیم تاش کے پتوں کی طرح 174 پر بکھرگئی۔ جواب میں  انگلینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنا لیے ہیں۔

لیڈز کے ہیڈنگلے اسٹیڈیم پر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا، لارڈز کے شیروں کے پاؤں ڈگمگا گئے۔

گرین شرٹس کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز امام الحق تھے ان کے بعد اظہر علی براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جب کہ حارث سہیل  28 رنز بناکر کرس ووکس کی گیند کا شکار بنے۔

ابتدائی تین بلے بازوں کے پویلین لوٹنے کے بعد بھی وقفے وقفے سے پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ اسد شفیق 27 رنز بناکر ووکس کی گیند پر ایلسٹر کک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بعد میں آنے والے بلے باز بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ کپتان سرفراز احمد 14، ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے عثمان صلاح الدین 4 جب کہ فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

ایک موقع پر گرین شرٹس کا اسکور سات وکٹوں کے نقصان پر 79 رنز تھا۔ پاکستان کے اختتامی بلے بازوں نے کچھ مزاحمت کی اور آخری تین کھلاڑی مجموعی اسکور میں 95 رنزکا اضافہ کرنے میں کامیاب رہے۔

شاداب خان اور محمد عامر کے درمیان 34، شاداب اور حسن علی کے درمیان 43 جبکہ شاداب اور محمد عباس  کے درمیان 18 رنز کی شراکت نے پاکستان کو شرمندگی سے بچایا۔

شاداب خان نے 10 چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن، اسٹورٹ براڈ، کرس ووکس نے تین تین اور ڈیبیو کرنے والے سیم کورن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں دن کے اختتام پر میزبان ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنالیے تھے۔ اوپنرز ایلسٹر کُک اور کیٹن جیننگز نے 53 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ کیٹن جیننگز 29 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے

ایلسٹرکُوک 46 رنز ہی بنا سکے انہیں حسن علی نے پویلین کی راہ دکھائی۔

پہلے دن کے اختتام پاکستانی ٹیم کو انگلش ٹیم پر 68 رنز کی برتری حاصل ہے اور جوروٹ کے ساتھ ڈومینک کریز پر موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں