عائشہ احد کیس: سپریم کورٹ نے حمزہ شہباز کو طلب کر لیا

فائل فوٹو


لاہور: سپریم کورٹ نے عائشہ احد کیس میں حمزہ شہباز کو طلب کرلیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی مبینہ اہلیہ انصاف کے لیے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچ گئیں، سپریم کورٹ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے حکم  دیا کہ حمزہ شہباز دوپہر ایک بجے عدالت پہنچ جائیں، تاہم بعد ازاں جب ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت عظمی کو بتایا کہ حمزہ شہباز بیرون ملک گئے ہوئے ہیں اور تین سے چار روز میں واپس آ جائیں گے تو عدالت نے آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان کو حکم دیا کہ عائشہ احد کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ان کے خلاف کارروائی کا ریکارڈ چھ جون تک پیش کیا جائے۔

حمزہ شہباز کی بیوی کا دعویٰ کرنے والی عائشہ احد اپنے اغواء کے مقدمہ سے بریت کے لیے عدالت پہنچی تھیں، جہاں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اُنہیں اور اُن کی بیٹی کو حمزہ شہباز سے جان کا خطرہ ہے اس لئے اُنہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایڈوکیٹ جنرل میرے حکم پر گھبرا کیوں جاتے ہیں، خواجہ سلمان بتائیں کہ حمزہ شہباز کدھر ہے۔

خواجہ سلمان نے مؤقف اختیار کیا کہ حمزہ شہباز کے متعلق اُنہیں معلوم نہیں ہے، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ سارا دن حمزہ شہباز کے ساتھ گھومتے ہیں اور کہتے ہیں کہ مجھے اُن کے بارے میں معلوم نہیں ہے۔

دوران سماعت چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار نے ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کو حمزہ شہباز کی پیشی کو یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی کی جان کو خطرے میں نہیں دیکھ سکتے، عائشہ احد کے حوالے سے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار بھی کیا۔


متعلقہ خبریں