ریحام خان کی کتاب اشاعت سے قبل ہی متنازعہ بن گئی


اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کی کتاب سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے جبکہ تحریک انصاف نے ریحام خان پرالزام عائد کیا ہے کہ وہ ن لیگی رہنماؤں سے رابطے میں ہیں۔

ریحام خان کی کتاب اشاعت سے قبل ہی سوشل میڈیا پرمتنازعہ بن گئی، تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے اپنے ایک ٹوئٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ریحام خان سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیٹی مریم نواز سے ملی ہیں اوراس ملاقات کا اہتمام مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کرایا تھا۔

فواد چودھری کے مطابق کتاب کی تصنیف و اشاعت کا سارا تماشہ حقیقی حزب اختلاف کو گرانے کے لیے رچایا گیا، انہوں نے دعوی کیا کہ ان ملاقاتوں کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں اوران ناقابل تردید دستاویزی شواہد نے ساری سازش کا پول کھول دیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین بھی کتاب پرخوب تجزیے اورتبصرے کررہے ہیں، اینکرپرسن اور پی ٹی آئی کے کارکن حمزہ علی عباسی نے اپنے ٹویٹ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کتاب کا خلاصہ یہ ہے کہ عمران خان سب سے برا انسان اورریحام خان صادق خاتون ہیں، ایک صارف نے تو ریحام خان کو مسلم لیگ ن کی کٹھ پتلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک خاص ایجنڈے پرکام کررہی ہیں۔

کتاب اوراپنی ذات پرتنقید کے بعد ریحام خان بھی کہاں چپ رہنے والی تھیں، وہ بھی میدان میں آگئیں اورسوشل میڈیا پربیان داغ دیا کہ حمزہ علی عباسی نے کتاب چھپنے سے پہلے ہی پڑھ لی، یہ صرف فراڈ اور چوری سے ہی ممکن ہے۔

ریحام خان نے مزید لکھا کہ میں سوشل میڈیا پر ان اکاؤنٹس کے خلاف رپورٹ کرا رہی ہوں جن میں لوگوں کو تشدد پراُکسایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں