کاغذات نامزدگی فارم: الیکشن کمیشن کا سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ

انتخابات2018: بیان حلفی میں امیدواروں کو کیا بتانا ہوگا؟ | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے لاہورہائی کورٹ کی جانب سے کاغذات نامزدگی فارم کالعدم قرار دینے کے خلاف سپریم کورٹ  سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کے لئے درخواست تیار کرلی ہے جو اتوار کو سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں دائر کی جائے گی، چیف الیکشن کمشنر نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کرنے کی منظوری دے دی ہے، الیکشن کمیشن کے وکیل اتوارکو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پیش ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی فارم کالعدم قرار دینے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے میں ابہام ہے جبکہ فیصلے میں نامزدگی فارم سے متعلق الیکشن ایکٹ کی شقوں کو بحال رکھا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن بلوچستان ہائی کورٹ کے حلقہ بندیوں سے متعلق فیصلے کو بھی کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کرے گا، ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے سے انتخابات تاخیر کا شکار ہوسکتے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کے کاغذات نامزدگی کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے خلاف نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے بھی اپیل دائر کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ انتخابات کا مقررہ وقت پرانعقاد یقینی بنایا جا سکے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکراورپاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ایازصادق نے بھی لاہورہائی کورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔


متعلقہ خبریں