رضوان کسی کرکٹر پر تنقید یا غصہ نہیں کرتے بلکہ غلطیوں پر سمجھاتے ہیں، خوشدل شاہ



ملتان سلطانز کے پاور ہٹر ویسے تو ماضی میں پاکستان ٹیم کا مسلسل حصہ رہے ہیں لیکن ایشیا کپ اور انگلینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں غیرمتاثرکن کارکردگی کےباعث نہ صرف نیوزی لینڈ میں ہونیوالی تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور بعد ازاں آسٹریلیا میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی پلئنگ الیون کا حصہ نہ بن سکے، البتہ بنوں کے رہائشی اٹھائیس سالہ کرکٹر پاکستان سپر لیگ میں ہمیشہ نمایاں کارکردگی دکھا کر ٹیم میں کم بیک کرنے کے حق دار ٹھہرتے ہیں۔

تاہم اب کی بار محمد حارث ، صائم ایوب ، طیب طاہر اور اعظم خان کی موجودگی میں نوجوان کرکٹر کا قومی ٹیم میں واپسی کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔

ہم نیوز کے سپورٹس رپورٹر عثمان خان سے خصوصی گفتگو میں خوشدل شاہ نے کہا کہ وہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پاکستان سپر لیگ میں بہترین کارکردگی دکھا کر سیلیکٹرز کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشاں ہیں۔

اس سلسلے میں وہ اپنی بیٹنگ پر خاص توجہ دے رہے ہیں،، ہر میچ سے قبل نیٹس میں پاور ہٹنگ بھی کرتے ہیں۔

خوشدل شاہ نے بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ میں شامل ہیڈکوچ اینڈی فلور، کپتان محمد رضوان ، چیف آپریٹنگ آفیسر حیدر اظہر سمیت فرنچائز مالکان نے ہمیشہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

ڈریسنگ روم یا ٹیم میٹنگ میں کسی کرکٹر پر تنقید یا غصہ نہیں کیا جاتا بلکہ پیار محبت کے ساتھ غلطیوں کو دور کرنے کے لیے سمجھایا جاتا ہے۔

فخر زمان بیٹرز، خوشدل شاہ بالرز میں سب سے آگے

پاکستان کی طرف سے چوبیس انٹرنیشنل میچز کھیلنے والےکرکٹر پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں تیز ترین سنچری بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن یہ تب ہی ممکن ہوسکتا ہے اگر ملتان سلطانز کے پہلے پانچ بلے باز جلدی آوٹ ہو جائیں یا پھر خوشدل شاہ کا بیٹنگ آرڈر تبدیل کر کے تیسرا یا چوتھا کر دیا جائے۔

خوشدل شاہ کے مطابق ویسے تو پورے پاکستان میں میچز کھیلنے کا مزہ آتا ہے لیکن لاہور کے تماشائیوں کے سامنے کھیلنے کا مزا کچھ اور ہی ہے۔

ہم نیوز سے گفتگو میں خوشدل شاہ نے کہا کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز کی بیٹنگ اور لاہور قلندرز کی باولنگ کا مقابلہ ہو گا، جو بہتر کھیل پیش کرے گا وہی فتح کا حقدار قرار پائے گا۔

پی ایس ایل میں خوشدل شاہ ملتان سلطانز سے پہلے پشاور زلمی کا حصہ بھی رہے ہیں۔

پاکستان کے سپر کرکٹ میلے میں مجموعی طور پر چوالیس میچز کھیل کر ایک سو اکتالیس عشاریہ ترانوے کے سٹرائیک ریٹ سے پانچ سو بہتر رنز بنا چکے ہیں جس میں چھتیس چوکے اور تینتیس چھکے شامل ہیں، ان کا پی ایس ایل میں سب سے زیادہ انفرادی سکور ستر ناٹ آوٹ ہے جبکہ انہوں نے بطور سپنر اٹھارہ اعشاریہ چھبیس کی اوسط سے انیس وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔


متعلقہ خبریں