آئین پر عمل نہیں کریں گے تو آرٹیکل 6 لگے گا، شبلی فراز


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ آئین پر عمل نہیں کریں گے تو آرٹیکل 6 لگے گا۔ عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا تو اس کا ذ مہ دار کون ہو گا ؟

پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے ہم نیوز کے پروگرام “ہم مہر بخاری کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 78 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور یہ لوگ عمران خان کو الیکشن مہم نہ چلانے پر مجبور کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان قاتلانہ حملے سے پہلے ہر عدالت میں گئے ہیں اور عمران خان کا موازنہ نواز شریف کے ساتھ کرنا ہم بڑی بے عزتی سمجھتے ہیں کیونکہ نواز شریف ملک سے بھاگا ہوا ہے اور عمران خان لاہور میں اپنے گھر میں ہی ہیں کہیں نہیں بھاگے۔

یہ بھی پڑھیں:  اسٹیبلشمنٹ، حکومت اور ہمیں ایک دوسرے کو اسپیس دینا پڑے گی، فواد چودھری

شبلی فراز نے کہا کہ عدالت پیشی کے موقع پر عمران خان کے لیے سیکیورٹی بالکل نہیں تھی اور اگر کل عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا تو اس کا ذ مہ دار کون ہو گا ؟ عمران خان کو سیکیورٹی تھریٹس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے والد قانون سے بھاگ کر لندن میں بیٹھے ہیں اور مریم نواز ہمیں بھاشن دے رہی ہیں کہ ہم گرفتاری سے کیوں بھاگتے ہیں۔ یہ لوگ انتخابات سے عمران خان کو ہٹانے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے سابق صدر آصف علی زرداری پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ زرداری لوگوں کے ضمیر خریدتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے جبکہ ہم نے آئین اور قانون کی بات کرنی ہے لیکن اگر آپ آئین پر عمل نہیں کریں گے تو آرٹیکل 6 لگے گا۔


متعلقہ خبریں