قلندرز کو زلمی کے ہاتھوں بڑے مارجن سے شکست


پاکستان سپر لیگ کے 23 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 35 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور نے لاہور کو 208 رنز کا ٹارگٹ دیا جس کا تعاقب کرنے میں قلندرز کی ٹیم ناکام رہی اور 167 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے حسین طلعت 63، شاہین شاہ آفریدی 52 جب کہ اسکندر رضا نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔ زلمی کے ارشد اقبال اور وہاب ریاض نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے پہلے  پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب 68 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، ان کی اننگ میں تین چھکے اورآٹھ چوکے شامل تھے،

بابر اعظم 50 رنز بنا کرکیچ آؤٹ ہوئے، محمد حارث 9 رنز بنا کر راشد خان کا شکار بنے۔ رومن پاؤل 9 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر سکندر رضا کو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔

ٹام کولر 36 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کی گیند پر انہیں ہی کیچ دے بیٹھے، ان کے بعد حسیب اللہ خان 12 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے،عامر جمال 5 رنز بنا کر زمان خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے،

عظمت اللہ عمرزائی بغیر کوئی رنز بنائے شاہین آفریدی کی گیند پر راشد خان کو کیچ تھما بیٹھے۔ شاہین آفریدی نے وہاب ریاض کو بھی کوئی رنز نہ بنانے دیا ان کا کیچ بلنگز نے تھاما۔ ارشد اقبال ایک رنز بنا کر زمان خان کے ہاتھوں بولڈ آؤٹ ہو گئے۔

پشاور زلمی کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 207 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔اس طرح لاہور قلندرز کو 208رنز کا ٹارگٹ دیا۔لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے چار،زمان خان،راشد خان اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


متعلقہ خبریں