اسلام آباد یونائیٹڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو شکست دے دی


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کے 24 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔

پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا گیا 206 رنز کا ہدف اننگز کے آخری اوور میں فہیم اشرف کی تاریخی اننگز کی بدولت حاصل کر لیا۔

اسلام آباد کو آخری اوور میں جیت کے لیے  18 رنز درکار تھے، فہیم اشرف نے پہلی گیند پر چوکا، دوسری پر چھکا، تیسری پر دو رنز، چوتھی گیند پر چوکا اور آخری گیند پر ایک رن لے کر ٹیم کو فتح دلائی۔

یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان 44، کولن منرو 40 اور فہیم اشرف 48 رنز بنا کر نمایاں رہے، سلطانز کے انور علی نے تین جب کہ احسان اللہ اور اسامہ میر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان کی جانب سے اننگز کا آغاز شاندار رہا، رضوان اور شان نے پہلی وکٹ کے لیے 50 رنز کی شراکت داری بنائی۔ اس موقع پر رضوان 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

رضوان کی وکٹ گرنے کے بعد رائلی روسوو بھی جلدی شان کا ساتھ چھوڑ بیٹھے اور 15 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر ٹم ڈیوڈ اور شان کے درمیان 88 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، شان 75 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے جب کہ ٹم ڈیوڈ نے 27 گیندوں پر 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

اسلام آباد کے کپتان شاداب خان اور محمد وسیم نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹیمیں


متعلقہ خبریں